وطن نیوز انٹر نیشنل

پاکستان سے کینو کی برآمدات کا نیا ریکارڈ قائم

کراچی: پاکستان سے رواں سال 4لاکھ 60 ہزار ٹن کینو بیرون ممالک ایکسپورٹ کیا گیا جو ملکی تاریخ میں کینو کی سب سے زیادہ برآمدات ہیں۔
سرپرست اعلیٰ پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن وحید احمد کا کہنا ہے کہ اپریل 2021 میں ختم ہونے والے ایکسپورٹ سیزن کے دوران پاکستان سے دنیا کے 40 ممالک کو 4 لاکھ 60 ہزار ٹن کینو برآمد کیا گیا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
وحید احمد کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ برس 3 لاکھ 53 ہزار ٹن کینو ایکسپورٹ کیا گیا تھا۔ اس طرح کینو کی برآمدات رواں برس 30 فیصد زیادہ رہی ہے۔ اس طرح رواں برس پاکستان کو 25 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا زردمبادلہ حاصل ہوا۔
سرپرست اعلیٰ پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ وفاقی وزارت تجارت بالخصوص وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق کی معاونت اور بروقت فیصلوں سے یہ سنگ میل عبور ہوا۔
واضح رہے کہ کورونا وبا میں کینو کی مانگ میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ وائرس کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار قوت مدافعت ہے، ماہرین قوت مدافعت میں اضافے کے لیے مخصوص غذائیں اور دوائیں تجویز کرتے ہیں جن میں سب سے اہم پھل کینو ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں