وطن نیوز انٹر نیشنل

ڈرائی فروٹ کی آڑ میں ہیروئین کینیڈا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے عملے نے خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائیوں کے دوران مختلف نوعیت کی منشیات برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف کورنگی پولیس اسٹیشن کے عملے نے کوریئر کمپنی کے دفتر سے بیرون ملک کے لیے بک کرائے گئے پارسلز سے سوا کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئین برآمد کی ہے جو بڑی مہارت سے ڈرائی فروٹس میں چھپائی گئی تھی۔کوریئر کمپنی کے مطابق یہ کنسائنمنٹ ملزمان نے کینیڈا کے لیے ڈرائی فروٹس بھیجنے کی آڑ میں بک کرایا تھا۔
اسی ٹیم نے کوریئر سروس کے دفتر سے مزید 410 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی ہے، ملزمان نے یہ منشیات ٹراؤزر بیلٹس میں خفیہ طریقے سے چھپائی تھی جو ڈنمارک اسمگل کی جا رہی تھی۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف حیدرآباد پولیس اسٹیشن کے عملے نے سپر ہائی وے پر ایوب ہوٹل کے قریب ایک مشکوک کار کی تلاشی کے دوران اعلی کوالٹی کی 99 کلوگرام چرس برآمد کی ہے۔
اس کارروائی کے دوران ایک ملزم عبدالغنی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو منشیات کی بین الصوبائی اسمگلنگ کے گروہ کا رکن ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں