وطن نیوز انٹر نیشنل

برسلز: مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے برسلز میں مظاہرہ کیا گیا

برسلز: مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے برسلز میں مظاہرہ کیا گیا
برسلز (پ۔ر)
مظلوم کشمیریوں بالخصوص بھارت کی مختلف جیلوں میں قید کشمیری رہنماؤوں اور کارکنوں سے یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف یورپی ہیڈکوارٹر برسلز میں منگل کے روز ایک مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل ای یو نے برسلز میں پلس شومان پر یورپی یونین کے مرکزی دفاتر کی عمارات کے سامنے کیا۔ مظاہرین جو تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے ماسک پہنے فاصلے پر کھڑے تھے، نے بینرز، کشمیری پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے بھارتی جیلوں میں تمام کشمیری قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جن میں اہم کشمیری رہنماء یاسین ملک، شبیرشاہ، مسرت عالم، آسیہ اندرابی، ایازاکبر اور فاروق ڈار بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی مختلف جیلوں بشمول بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کرونا کی بڑھتی ہوئی وبا کی وجہ سے کشمیری قیدیوں کی زندگی کو سخت خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔
برسلز کے مظاہرین کے دوران کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، اہم کشمیری رہنماؤوں چوہدری خالد جوشی، سردار صدیق، راجہ خالد اور سردار محمود نے خطاب کیا۔ مظاہرے کے دیگر شرکاء شرجیل احمد،، راجہ عبدالقیوم، راؤمستجاب، میرشاہجہاں، حاجی پرویز، کینتھ رائے، راجہ جاوید، مہرندیم اور ظہیر زاہد شامل تھے۔
مظاہرے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاکہ کرونا وبا کی وجہ سے بھارتی جیلوں میں کشمیری قیدیوں کی زندگی کو درپیش خطرات بڑھ گئے ہیں لہذا ان کی جانوں کو بچانے کے لیے ان کی فوری رہائی ضروری ہے۔
انہوں نے حالیہ دنوں اہم کشمیری رہنماء اشرف صحرائی کی بھارتی قید میں ناگہانی شہادت کی بھی مذمت کی اور کہاکہ اشرف صحرائی کو بروقت طبی امداد نہ دے کر شہید کیا گیا ہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ اشرف صحرائی کی ناگہانی موت کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔
علی رضا سید نے بھارتی جیلوں میں زیرحراست تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ان قیدیوں کی رہائی کے لیے عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین کو بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔
مظاہرین نے عالمی برادری، یورپی یونین اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کو بند کروانے اور بھارتی جیلوں قید کشمیریوں کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کریں.

اپنا تبصرہ بھیجیں