وطن نیوز انٹر نیشنل

جہانگیر اور علی ترین کی ضمانت میں توسیع

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کی ضمانتوں میں 31مئی تک توسیع کی گئی ہے۔پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور علی ترین ضمانت میں توسیع کے لئے ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین کی عدالت میں پیش ہوئے ۔
کیس کی سماعت میں جج نے ایف آئی اے کے افسر سے سوال کیا کہ انویسٹی گیشن کہاں تک پہنچی ؟ جس پر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ انویسٹی گیشن جاری ہے ہم ریکارڈ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ بھاری ٹرانزیکشنز ہوئیں اس پر تحقیقات کر رہے ہیں، ریکارڈ ہمارے پاس آ گیا ہے اس کو بھی دیکھ رہے ہیں.
ایس ایچ او ایف آئی اے نے بتایا کہ ایک ملزم امجد پرویز نے انویسٹی گیشن جوائن نہیں کی، 90 فیصد ریکارڈ ہمارے پاس آ چکا ہے۔
ایف آئی اے جہانگیر ترین سے 2008، 2009 کا ریکارڈ مانگ رہا ہے، جہانگیر ترین کے وکیل نے کہا کہ ہمارے پاس مکمل ریکارڈ موجود ہے، ہوا میں بات نہیں کریں گے۔وکیل جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن اور عید کی چھٹیوں کہ وجہ سے کام بند رہا ہے۔
اس موقع پر سیشن عدالت نے جہانگیر ترین اور علی ترین سمیت دیگر کی ضمانتوں میں 31 مئی تک کی توسیع کردی۔جہانگیر ترین کچھ دیر بعد بینکنگ کورٹ میں بھی پیش ہوں گے، ان کے ہمراہ ہم خیال ساتھی بھی عدالت پہنچے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ارکانِ اسمبلی کی سیاسی بیٹھک میں “جہانگیرترین ہم خیال گروپ ” قائم ہوا، ذرائع کے مطابق گروپ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جمعہ کوپاور شو کرے گا۔ایم این اے راجہ ریاض قومی اسمبلی جب کہ سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں گروپ لیڈر ہوں گے ، بیٹھک کے فیصلوں پر تمام اراکین سے حلف لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں