وطن نیوز انٹر نیشنل

کتے کو غباروں سے باندھ کر ہوا میں اُڑانا بھارتی یوٹیوبر کو مہنگا پڑ گیا

: بھارت میں ایک یوٹیوبر نے اپنے ہی پالتو کتے کو غباروں کے ساتھ ہوا میں اُڑا دیا تاہم انہیں یہ حرکت مہنگی پڑی اور پولیس نے جانوروں کے تحفظ کی تنظیم کی درخواست پر گروشرما کو گرفتار کر لیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوٹیوب پر 40 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والے یوٹیوبر گرو شرما نے اپنے پالتو کتے کو غباروں سے باندھ کر ہوا میں اُڑا دیا اور اس کی ویڈیو اپ لوڈ کردی۔

کتے کے غبارے کی مدد سے ہوا میں اُڑنے کی وڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی تاہم اس پر کئی صارفین نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یوٹیوبر کے اس عمل سے کتے کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا تھا۔

جانوروں کے حقوق کی ایک تنظیم نے یوٹیوبر کے اس عمل کی شکایت پولیس میں درج کرادی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے یوٹیوبر کو حراست میں لے لیا۔ ضمانت پر رہائی کے بعد یوٹیوبر گروشرما نے عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ کتے سے میری محبت کو غلط رنگ دیا گیا۔

گروشرما کا مزید کہنا تھا کہ میرے کتے کا نام ڈالر ہے اور میں اسے اپنے بچوں کی طرح رکھتا ہوں۔ اس کے لیے سردیوں اور گرمیوں میں ملبوسات خریدتا ہوں اور اس کی سالگرہ کے دن دوسرے کتوں کو مدعو کرکے تقریب بھی رکھتا ہوں۔

واضح رہے کہ کتا غباروں کے ذریعے زیادہ اونچائی پر نہیں جا سکا تھا کیوں کہ کتے کو اوپری منزل پر رہنے والے ایک شخص نے اپنی بالکونی سے پکڑ لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں