وطن نیوز انٹر نیشنل

امریکا افغان امن اور کابل ایئرپورٹ کی حفاظت کیلیے ترکی پر بھروسہ کرسکتا ہے، اردوان

در طیب اردوان نے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد صرف ترکی ہی وہ ملک ہے جو کابل ایئرپورٹ کی حفاظت اور افغانستان میں استحکام کو بحال رکھ سکتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر طیب اردوان نے امریکی صدر سے ملنے برسلز جانے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ترک فوج امریکی افواج کے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کی حفاظت کرنے کو پوری طرح تیار ہے جو عمومی طور پر غیر ملکی وفد کے استعمال میں رہتا ہے۔

ترک صدر نے مزید کہا کہ امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد صرف ترکی وہ قابل اعتماد ملک ہے جو افغانستان میں استحکام کو بحال رکھ سکتا ہے۔ امریکا کابل ایئرپورٹ کی حفاظت اور افغانستان میں امن و استحکام کے لیے ترکی پر مکمل بھروسہ کرسکتا ہے۔
صدر طیب اردوان نے مزید کہا کہ ملک کے اعلیٰ حکام نے اپنے امریکی ہم منصبوں کو ترکی کے ’’افغانستان منصوبے‘‘ سے آگاہ کردیا ہے جس پر امریکی حکام نے مسرت کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک اس پر مزید بات چیت کریں گے۔

ترک حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عالمی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ امریکا بھی ترکی فوک کے افغانستان میں قیام اور کابل ایئرپورٹ کی حفاظت کی ذمہ داری دینے کو تیار ہے تاہم یہ سوال زیر بحث ہے کہ کیوں اور کس مدد کے ساتھ ترک فوج یہ ذمہ داری نبھائے۔

ترکی نے اس سے قبل بھی افغانستان میں اپنے فوجیوں کے قیام میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم گزشتہ روز ہی طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی فوج کو افغانستان میں مزید قیام کی کوئی امید نہیں رکھنی چاہیئے۔

واضح رہے کہ ترک صدر طیب اردوان کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب وہ امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن سے پہلی دو بدو ملاقات کرنے برسلز جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں