وطن نیوز انٹر نیشنل

محمود مولوی کاپاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کادورہ

محمود مولوی کاپاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کادورہ
ڈی جی پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل محمد شعیب کے ہمراہ اجلاس کی صدارت، بریفنگ لی
فشریز کی صنعت کی ترقی کے لئے کامیاب نوجوان پروگرام کار آمدثابت ہورہا ہے، اجلاس سے خطاب
کراچی: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمود مولوی نے کہا ہے کہ فشریز کی صنعت کی ترقی کے لئے کامیاب نوجوان پروگرام کار آمدثابت ہورہا ہے، ماضی میں ماہی گیروں کو سماجی تحفظ اور معیار زندگی کی فراہمی کے معاملے میں ہمیشہ نظر انداز کیا گیا مگر موجودہ حکومت ماہی گیروں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایم ایس اے ریئر ایڈمرل محمد شعیب کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی جانب سے بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کے دوران فشنگ پالیسی، ماہی گیروں کے مسائل، آئل و منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام، کوسٹل حدود اور جزیروں سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدون بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمود مولوی نے کہا ہے کہ وزارت بحری امور کے زیر اہتمام کامیاب جوان پروگرام کے تحت ماہی گیروں کیلئے قرض فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اورفشریز کی صنعت کی ترقی کے لئے کامیاب نوجوان پروگرام کار آمدثابت ہورہا ہے، حکومت ماہی گیروں کو بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے، فشریز کی صنعت کی خوشحالی سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، بہتر معیار کے باعث فشریز، مصنوعات کی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کو مشینی کشتیاں، جدید ماہی گیری کے آلات، جدیدآن بورڈ فریزنگ، ریفریجریٹڈگاڑیاں،اسٹوریج کے نظام، سروسنگ اور مرمت کی خدمات کی فراہمی سے ماہی گیری کا شعبہ مزید ترقی کریگا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ماہی گیروں کو سماجی تحفظ اور معیار زندگی کی فراہمی کے معاملے میں ہمیشہ نظر انداز کیا گیا لیکن ماہی گیروں کی خودمختاری اور خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، حکومت ماہی گیروں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں