وطن نیوز انٹر نیشنل

پاکستان، جرمنی سے دفاعی تعاون کو توسیع دینے کا خواہاں: آرمی چیف

پاکستان، جرمنی سے دفاعی تعاون کو توسیع دینے کا خواہاں: آرمی چیف
جنرل باجوہ کی جرمن فوج کے جنرل ایبرہارڈزورن سے ملاقات،دفاع وسکیورٹی ،باہمی دلچسپی ودیگر امورپر گفتگو ، میزبان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ ، علاقائی استحکام ، افغان امن کیلئے پاکستانی فوج کی کوششوں کوسراہا:آئی ایس پی آر.
لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز جرمن فوج کے چیف آف ڈیفنس جنرل ایبرہارڈ زورن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جرمنی کی وزارت دفاع کے ڈائریکٹر جنرل سکیورٹی اینڈ ڈیفنس پالیسی ڈاکٹر ڈیٹلف واچٹر بھی موجود تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاع و سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج تربیت اور تکنیکی ترقی میں جرمنی کی مہارت سے مستفید ہونے کیلئے دوطرفہ دفاعی تعاون کو توسیع دینے کی خواہاں ہے ، اس کے دونوں ملکوں کے باہمی روابط اور علاقائی سکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ اس موقع پر معزز میزبان نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے کردار، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن و استحکام کے قیام خصوصاً افغان امن عمل کیلئے پاکستانی فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر دونوں نے ہر سطح پر دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ قبل ازیں جرمن وزارت دفاع پہنچنے پر آرمی چیف نے ایک یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی،جبکہ جرمن فوج کے چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں