وطن نیوز انٹر نیشنل

کسی کے دباؤ میں آ کر چین سے تعلقات کم نہیں کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان پر جتنا بھی دباؤ آئے گا ہم چین کے ساتھ تعلقات کو کبھی کم نہیں کریں گے اور چینی نظام حکومت کسی بھی انتخابی جمہوریت سے بہتر ہے۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے چینی میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے نظام حکومت میں لچک ہے، وہ جب کوئی چیز تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو نظام اس کی حمایت کرتا ہے، لیکن ہمارے معاشرے میں کسی نظام میں تبدیلی بہت مشکل ہے کیونکہ آپ بہت سی قانونی رکاوٹوں میں پھنس جاتے ہیں اور جمہوریت آپ کو جکڑ لیتی ہے، آپ ہمیشہ وہ نہیں کرسکتے جو معاشرے کے لیے بہتر ہو، کمیونسٹ پارٹی کا ٹیلنٹ کو ڈھونڈنے اور اس کی تربیت کرنے کا نظام کسی بھی انتخابی جمہوریت سے بہتر ہے،
وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امریکا اور چین کے درمیان طاقت کا تنازع جاری ہے، دونوں ممالک کے اختلافات سے پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں جس سے مسائل جنم لیتے ہیں، امریکا خطے میں اتحاد بنارہا ہے جس میں بھارت اور چند دیگر ممالک شامل ہیں، یہ ٹھیک نہیں کہ امریکا اور دیگر مغربی طاقتیں ہمیں کسی ایک گروپ کا ساتھ دینے پر مجبور کریں، پاکستان پر جتنا بھی دباؤ آئے گا ہم چین کے ساتھ تعلقات کو کم یا تبدیل نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں