وطن نیوز انٹر نیشنل

بلوچستان میں امن و خوشحالی ملکی ترقی کی بنیاد، دشمنوں کو شکست دینگے : آرمی چیف

خطرات کا قومی سطح پر جواب وقت کی ضرورت ہے ،وقت آگیا قربانیوں سے حاصل ثمرات سمیٹے جائیں،نیشنل ورکشاپ بلوچستان سے خطاب ، جنرل قمر باجوہ سے آذربائیجان کے سفیر کی الوداعی ملاقات ، علاقائی سلامتی کی صورتحال ، افغان امن ، دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال
لاہور (نیوز ڈیسک،اے پی پی )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے بلوچستان میں امن و خوشحالی پاکستان کی ترقی کی مضبوط بنیاد ہے ، وقت آ گیا ہے کہ بھاری قربانیوں سے حاصل امن کے ثمرات سمیٹے جائیں، دیرپا استحکام کیلئے عوامی مفاد پر مبنی پالیسی اختیار کرکے سماجی ومعاشی ترقی کا عمل تیز کیا جائے ، سکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان میں امن وخوشحالی کے دشمنوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ آرمی چیف گزشتہ روز جی ایچ کیو میں 7 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس ورکشاپ میں بڑی تعداد میں ارکان پارلیمنٹ، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی کے ارکان کے علاوہ نوجوانوں ، شعبہ تعلیم اور میڈیا کے نمائندے شریک ہوئے ۔ ورکشاپ کا مقصد بلوچستان کی مستقبل کی قیادت کو اہم قومی و صوبائی مسائل کی آگاہی دینا تھا۔ آرمی چیف نے داخلی اور خارجی چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گوناگوں موجودہ خطرات میں قومی سطح پر جامع جواب وقت کی ضرورت ہے ، قومی قیادت بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ اس حوالے سے پاک فوج دیگر ریاستی اداروں کیساتھ مل کر قومی اور صوبائی سطح پر مکمل تعاون کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ہم ایک پرعزم قوم ہیں جوکہ ہر مشکل گھڑی میں امن و استحکام کے حصول کیلئے ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے ۔ دریں اثناء چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے گزشتہ روز جی ایچ کیو میں الوداعی ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال ، افغان امن عمل اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے پاکستان میں خدمات کے لئے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاک آذربائیجان تعلقات کو مستحکم کرنے میں ان کے کردار کو سراہا ۔ مہمان سفیر نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور افغانستان میں امن کے لئے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں