وطن نیوز انٹر نیشنل

کنویں کی کھدائی کے دوران نیلم پتھروں کا ذخیرہ دریافت، مالیت 15 ارب روپے

سری لنکا میں ایک گھرمیں کنویں کی کھدائی کے دوران ایک بہت بڑا پتھرملا ہے جس پرجابجا نیلم پتھر چسپاں ہیں اوران سب کی ابتدائی مالیت کو دس کروڑڈالر یا 15 ارب روپے کے برابر بتایا ہے۔

مجاز اداروں کے مطابق شاید یہ دنیا کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے جہاں اعلیٰ معیار کے نیلم اتنی بڑی تعداد میں ایک ہی جگہ جمع ہیں۔ بیضوی پتھر کا کل وزن 500 کلوگرام سے زائد ہے جس پر لگ بھگ 25 لاکھ قیراط کے قیمتی پتھر جرے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق یہ پتھر رتنا پورا کے علاقے میں ایک مکان کے عقب میں کنویں کی کھدائی کے دوران برآمد ہوا ہے۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ پہلے ہی نیلم کے ذخائر کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتا ہے۔

جوہری ماہرین نے اسے ’قسمت والا نیلم‘ کا نام دیا ہے جس پر لگے جواہر کی رنگت ہلکی نیلی ہے۔ گھر اور پتھر کے مالک گمج نے بتایا کہ پہلے کنواں کھودنے والے نے مجھے بتایا کہ اسے کچھ نایاب نیلم ملے ہیں جنہیں ’اسٹار سیفائر‘ بھی کہا جاتا ہے۔ گمج کی تیسری نسل جواہرات کے کاروبار سے منسلک ہے۔ پتھر اور مٹی کے اس ڈھیر کو صاف کرکے نیلم نکالنے میں ایک سال کا عرصہ لگا ہے۔
صفائی کے دوران متواتر پتھر گرتے رہے اور سب بہت بلند معیار کے تھے تاہم ان کی تصدیق اور سرٹفکیشن کا عمل اب بھی باقی ہے۔ جہاں سے یہ ذخیرہ ملا ہے اس کا نام رتنا پورا ہے جس کے معنی ’جواہرات کے شہر‘ کے ہیں۔ سری لنکا نے گزشتہ برس ہیرے جواہرات کی فروخت اور تراش خراش سے نصف ارب ڈالر کمائے ہیں۔

تاہم دیگر ماہرین نے کہا ہے کہ انہوں نے نیلم کا اتنا بڑا ذخیرہ پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ اگرچہ اب بین الاقوامی ماہرین اس کا جائزہ لیں گے لیکن توقع ہے کہ یہ ذخیرہ سری لنکا کی معیشت میں بہتری کی وجہ بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں