وطن نیوز انٹر نیشنل

ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو ایشیاء کا نوبل انعام (رامون میگسے)دینے کا اعلان….یہ انعام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو عوامی خدمت اور غربت کے خاتمے کیلئے عظیم خدمات انجام دینے کے اعتراف کے عوض دیا گیا ہے۔


ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو ایشیاء کا نوبل انعام (رامون میگسے)دینے کا اعلان
سٹاک ہوم (عارف کسانہ /نمائندہ خصوصی) پاکستان کو ایک اہم عالمی اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس عالمی اعزاز کو ایشیا کا نوبل انعام بھی کہا جاتا ہے جو ایشیا کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔۔ پاکستان کی ایک عظیم اور ہر دل عزیزشخصیت اخوت کے چئیرمین جناب ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو رامون میگسے سے ایوارڈ دینے کا اعلان ہوا ہے۔یہ ایوارڈ فلپائن کے آنجہانی صدر رامون میگسے کے نام پر 1958 سے عالمی امن، علم و تحقیق، حقوق انسانی، ماحولیات اور عوامی خدمت کے لئے عظیم خدمات سر انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو یہ ایوارڈ عوامی خدمت اور غربت کے خاتمہ کے لئے عظیم خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے 2001 میں اخوت فاونڈیشن پاکستان کی بنیاد رکھی اور اب یہ دنیا کی سب سے بڑی قرضہ حسنہ دینے والی تنظیم ہے جس نے چالیس لاکھ سے زائدلوگوں کو اب تک ڈیڑھ سو ارب روپے سے زائد کے قرضہ حسنہ دے کر غربت سے نکال کر اپنے پاوں پر کھڑا کیا ہے۔ اخوت فاونڈیشن کی طرف سے چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لئے قرضے دئیے جاتے ہیں اور ان پر کسی قسم کا کوئی سود نہیں لیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اخوت صرف قرض حسنہ دینے والا ادارہ نہیں بلکہ یہ میثاق مدینہ کے زریں اصول اخوت اور بھائی چارہ کے اصولوں پر کام کرتے ہوئے پاکستان کی تقدیر بدلنے کی عملی کوشش کررہا ہے۔ اخوت قرض حسنہ دینے کے علاوہ اخوت یونیورسٹی میں پاکستان بھر کے طلبہ مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اخوت نے خواجہ سراوں کی بہبود اور انہیں ملازمتیں دینے کا منصوبہ شروع کیا ہوا ہے۔ اخوت کلاتھ بینک کے ذریعہ مستحق لوگوں کو مفت کپڑے دئے جاتے ہیں۔ ہیلتھ سروسز کے تحت مفت علاج اور ادویات دی جاتی ہیں۔ بے گھروں کو اپنا گھر بنانے کے لئے بلا سود قرض دیا جاتا ہے اور چھوٹے گھر بنا کر دئیے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی قیادت میں اخوت غربت، جہالت اور بیماری کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے دن رات محنت کررہی ہے۔
رامون میگسے سے ایوارڈ ملنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ خوشحال معاشرہ کے قیام کے لئے غربت کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ پاکستان اور ایشیا بلکہ پوری دنیا سے غربت کو دور ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے یہ عالمی ایوارڈ پاکستان کے عوام کے نام کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ہر ایک پاکستانی کے لئے ہے۔ انہوں نے اخوت فاونڈیشن سے وابستہ تمام افراد کی انتھک محنت اور لگن کو سراہا جس کی بدولت انہیں یہ ایوارڈ ملا ہے۔ ماضی میں یہ ایوارڈ پانے والوں میں عبدالستار ایدھی اور مدر ٹریسا بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو یہ ایوارڈ 30 نومبر کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں