وطن نیوز انٹر نیشنل

وزیر خارجہ کا ڈنمارک سے پاکستانی شہریوں پر عائد سفری پابندیوں پر نظر ثانی پر زور.


ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کے ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پاکستانی شہریوں کے لیے سفری پابندیوں پر نظر ثانی پر زور دیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیپ کوفوڈ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کے وزیر خارجہ کو افغانستان سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، عالمی تنظیموں، میڈیا اور دیگر افراد کے محفوظ انخلا کے لئے فراہم کی گئی پاکستانی معاونت سے آگاہ کیا۔ ڈنمارک کے وزیرخارجہ نے کابل سے ڈنمارک کے شہریوں کو نکالنے میں بھرپور معاونت کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ،ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، وزیر خارجہ نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے پاکستان کو ڈنمارک کی جانب سے ملنے والی مسلسل حمایت پر ڈنمارک کے وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سیکیورٹی اور وبائی صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے پاکستانی شہریوں کے لیے سفری پابندیوں پر نظر ثانی کی جائے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کے اپنے ہم منصب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا اور جلد دورہ پاکستان کرنے کا عندیہ دیا جبکہ ڈنمارک کے وزیرخارجہ جیپ کوفوڈ نے بھی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ ڈنمارک کی دعوت دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں