وطن نیوز انٹر نیشنل

پاک ترکی تعلقات کا نیا دور، وزیر اعظم کا دورۂ ترکی آئندہ ماہ متوقع

پاک ترکی تعلقات کا نیا دور، وزیر اعظم کا دورۂ ترکی آئندہ ماہ متوقع
اسلام آباد: پاک ترکی تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کا ترکی کا دورہ آئندہ ماہ نومبر میں متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دورۂ ترکی کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آئندہ ماہ نومبر میں ترکی کے دورے پر جائیں گے جہاں ان کی ملاقات ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور ترک اعلیٰ قیادت سے ہوگی۔ دورے کے دوران وفاقی وزراء اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ترکی جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے دورۂ ترکی کی حتمی تاریخ کا تعین کیا جارہا ہے۔ عمران خان ترکی میں تذویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں شریک ہوں گے اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مشترکہ طور پر کونسل کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ذرائع کے دعوے کے مطابق آئندہ ماہ کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے متوقع دورۂ ترکی کے دوران پاکستان اور ترکی کے مابین آزاد تجارت اور سیاحت کے شعبہ جات میں معاہدے ہونے کا امکان ہے۔ دفاعی تعاون اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق معاہدوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے،
دورۂ ترکی کے دوران دوہری شہریت کو تسلیم کرنے کے دو طرفہ معاہدے پر بھی دستخط کاامکان ہے۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نومبر میں ترکی کے دورے کے دوران پاک ترکی تعلقات کے نئے عہد کا آغاز کریں گے جس سے دو طرفہ تعاون کو فروغ حاصل ہوگا

اپنا تبصرہ بھیجیں