وطن نیوز انٹر نیشنل

ترک لڑکی جس نے سب سے لمبی ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا

انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کی 24سالہ لڑکی نے دنیا کے قدآور ترین شخص کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ دی سن کے مطابق اس لڑکی کا نام رومیسہ گیلگی ہے جس کی ریکارڈ دراز قامتی کے سبب اس کانام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کیا گیا ہے۔ رومیسہ کا قد 7فٹ 0.7انچ ہے۔ وہ ویور سنڈروم (Weaver Syndrome)نامی بیماری کا شکار ہے جس کی وجہ سے اس کا قد اس قدر طویل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اس عارضے اور اپنے انتہائی طویل قد کی وجہ سے رومیسہ چل پھر نہیں سکتی۔ وہ زیادہ تر وہیل چیئر پر رہتی ہے اور بعض اوقات واکنگ فریم کے سہارے چلتی ہے۔ یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے بعد رومیسہ کا کہنا تھا کہ ”ہر نقصان کو آپ اپنے فائدے میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ آپ جس طرح کے بھی ہیں، اسی حالت میں خود کو قبول کرنا سیکھیں۔“واضح رہے کہ رومیسہ کا یہ دوسرا ورلڈ ریکارڈ ہے۔ 2014ءمیں وہ دنیا کی سب سے دراز قد ٹین ایجر کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں