وطن نیوز انٹر نیشنل

برسلز: کشمیرکونسل ای یو نے اٹھائیس اکتوبر کو برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرے کی حمایت کا اعلان کردیا

برسلز (پ۔ر)
کشمیرکونسل ای یو نے جمعرات اٹھائیس اکتوبر کو برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
واضح رہے کہ صدرآزادکشمیر برسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں برسلز میں احتجاجی مظاہرہ اٹھائیس اکتوبر کو دن ڈیڑھ بجے ہوگا .چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہم بھارتی مظالم کے خلاف برسلز میں اٹھائیس اکتوبر کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم کشمیری ہرسال ستائیس اکتوبر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ کشمیرکونسل ای یو بھی ہرسال اس دن کو برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کرتی ہے۔علی رضا سید نے بتایا کہ ہم نے کشمیرکاز کی خاطر اور صدر ریاست کے احترام میں برسلز میں ستائیس اکتوبر کے احتجاجی پروگرام کو منسوخ کیا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے یورپ میں مقیم کشمیریوں اور انکے ہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ بھارتی سفارتخانے کے باہر اٹھائیس اکتوبر کے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔
علی رضا سید نے عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں