وطن نیوز انٹر نیشنل

بھارت کا تیسرا بڑا ایوارڈ ملنے پر ابھینندن کی سوشل میڈیا پر درگت

مودی سرکار نے اپنے جھوٹے دعوؤں کو ثابت کرنے کے لیے پائلٹ ابھینندن کو ملک کا تیسرا بڑا ایوارڈ تو دیدیا لیکن سوشل میڈیا پر لینے کے دینے پڑ گئے۔

دو برس قبل 26 فروری کو پاکستان فضائیہ نے اپنی حدود میں ایک بھارتی طیارہ مار گرایا تھا۔ بھارتی پائلٹ نے پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی تھی تاہم ابھینندن پاکستانی علاقے میں گرا اور شہریوں نے ان کی خوب درگت بنائی تھی۔

پاک فوج نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی پائلٹ کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور یکم مارچ کو بھارت کے حوالے کردیا تھا۔ پاک فوج نے ابھینندن کو چائے بھی پیش کی جس پر بھارتی پائلٹ نے ’’ ٹی از فنٹا سٹک‘‘ کا تعریفی جملہ کہا تھا جو سوشل میڈیم پر اب تک میم بنتا آ رہا ہے۔

مودی سرکار نے دعویٰ کیا تھا کہ ابھینندن نے ایک پاکستانی ایف -16 طیارے کو نشانہ بنایا تھا تاہم بعد میں خود بھارتی فوج نے کہا تھا کہ پاکستان کے ایف 16 طیاروں کی گنتی پوری ہے اور انٹرنیشنل میڈیا نے بھی پاکستانی طیارہ گرانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کردیا تھا۔

اس سفید جھوٹ پر عالمی سطح پر بدنامی کے بعد مودی سرکار کو بھارتی عوام کے دباؤ اور تنقید کا بھی سامنا تھا اور اسی خفگی کو مٹانے کے لیے ابھینندن کو ملک کا تیسرا بڑا ایوارڈ ’ویر چکرا‘ دیدیا۔

ایوارڈ کا ملنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ابھینندن اور مودی سرکار کی درگت بن گئی۔ کسی نے ’’ ایوارڈ از آل سو فنٹاسٹک‘‘ لکھ کر پھبتی کسی تو کسی نے ناکام مشن پر ایوارڈ دینے کا مذاق بنایا۔

ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ ’میں بہادر ابھینندن کو ایف 16 گرانے اور پھر اپنی جیت کا جشن منانے کے لیے اپنے جہاز سے ایجیکٹ ہوکر پاکستان چائے پینے کے لیے اترنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ بالی ووڈ نے اکیلے پوری انڈین ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو کرپٹ کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں