وطن نیوز انٹر نیشنل

ایمازون نے ٹام اینڈ جیری کے پروڈیوسر کو 8.45 ارب ڈالر میں خرید لیا

بچوں کے مقبول ترین کارٹون ٹام اینڈ جیری اور پنک پینتھر کے پروڈیوسر میٹرو گولڈ وین مائر (ایم جی ایم) کو آن لائن شاپنگ کی بڑی کمپنی ایمازون نے 8.45 ارب ڈالر میں خرید لیا۔

خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایمازون نے ایم جی ایم اسٹوڈیو اور اس کی گزشتہ 35 سال میں بنائی گئی 4 ہزار فلموں اور 7 ہزار سے زائد شوز کو ساڑھے 8ارب ڈالر خرید رہا ہے، جس میں مشہور فلمیں جیمز بانڈ اور دی ہیبٹ بھی شامل ہیں۔

ایمازون کی جانب سے اس خریداری کا مقصد ویڈیو اسٹریمنگ سروس پرائم پر ناظرین کے لیے زیادہ سے زیادہ نیا تفریح مواد پیش کرنا ہے۔
آن لائن شاپنگ کمپنی کی جانب سے یہ دوسری بڑی خریداری ہے جبکہ سال 2017 میں ایمازون نے امریکا کا ایک ہول فوڈ گروسری اسٹور 14 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔

ایمازون کی جانب سے ایم جی ایم اسٹوڈیوز کی خریداری کا مقصد نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا مقابلہ کرنا ہے تاہم کمپنی کی جانب سے اب تک یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ ویڈیو اسٹریمنگ دیکھنے والو کی تعداد کتنی ہے تاہم ایک اندازے کے مطابق 20 کروڑ ہوسکتی ہے۔

ایمازون نے کہا ہے کہ وہ ایم جی ایم کی وسیع لائبریری کا استعمال کرے گا، جس میں ہالی ووڈ کی مشہور فلمیں راکی، رابو کوپ، ٹام اینڈ جیری اور پنک پینتھر شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایمازون کو ماضی میں بنائی گئی ان فلموں اور شوز کی مدد سے دیگر فلمیں بنانے میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ میٹرو گولڈ وین مائر (ایم جی ایم) کا آغاز اپریل 1924 میں تھیٹر میگنیٹ مارکس لو نے کیا تھا۔ ایم جی ایم اسٹوڈیوز 1930 اور40 کی دہائی میں اپنے عروج کو پہنچا تھا۔ اسی عرصے کے دوران ایم جی ایم کے ساتھ ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کام کر رہی تھیں جن میں گریٹا گاربو، جان گلبرٹ اور نورما شیئر سمیت دیگر شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں