وطن نیوز انٹر نیشنل

سرِعام محبت کا اظہار کرنے والے جوڑے گھروں میں لڑتے ہیں، بہروز سبزواری

معروف پاکستانی اداکار بہروز سبزواری پہلے بھی سرِعام ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرنے والے نئے شادی شدہ جوڑوں کی تنقید کرتے رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے نئی نسل کی ان حرکات کو دوبارہ تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بہروز سبزواری ’دی کَپل شو‘میں اپنی شریکِ حیات سفینا بہروز کے ساتھ مدعو تھے جہاں انہوں نے دوبارہ یہ مدعا اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کئی جوڑوں کو عوام کے سامنے ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے دیکھا ہے، جو لوگ عوامی سطح پر اظہار محبت کے دوران جذباتی ہوجاتے ہیں وہ جعلی لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے سامنے اتنی زیادہ محبت کا مظاہرہ کرنا عجیب لگتا ہے۔ میرا مشاہدہ ہے کہ جو جوڑے سرِعام محبت کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں ان کی ازدواجی زندگی بڑے مسائل کا شکار ہوتی ہے اوراُن کے گھروں میں لڑائی جھگڑے زیادہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے ایسے جوڑوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ گھر میں اپنے تعلقات میں توازن پیدا کریں پھر انہیں عوام کے سامنے ایک دوسرے سے اظہار محبت کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں