وطن نیوز انٹر نیشنل

دوسرا ون ڈے؛ بابر، امام کی سنچریوں کی بدولت کینگروز کو 6 وکٹوں سے شکست

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کی کینگروز کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، مقررہ 50 اوورز میں آسٹریلوی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے۔

پہلے بلےبازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کی جانب سے بین میکڈرموٹ نے کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 104 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس لبوشین 59، مارک اسٹونس 49، ایلکس کیری 5 رنز بناسکے جبکہ اننگز کے اختتامی لمحات میں شان ایبٹ نے 16 گیندوں پر 28 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کی جانب سے اب تک شاہین شاہ آفریدی نے 4، محمد وسیم جونئیر نے دو جبکہ زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے 118 رنز کا آغاز فراہم کیا، زمان 67 رنز بناکر پویلین لوٹے تاہم کپتان بابراعظم نے امام کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کی شراکت میں 111 رنز جوڑے، امام الحق 106 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 23، خوشدل شاہ 27 اور افتخار احمد نے 11 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا 2 جبکہ نتھین ایلس اور مارک اسٹونس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میں مہمان ٹیم آسٹریلیا نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں