وطن نیوز انٹر نیشنل

لندن میں نوازشریف سے بلاول کی ملاقات پر شاہ محمود قریشی کا طنز

بھٹو کا نواسہ اور بے نظیر بھٹو کا بیٹا نواز شریف سے 10 سیٹوں کی خیرات لینے گیا ۔ وائس چیئرمین پی ٹی آئی کا ملتان میں خطاب
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 اپریل 2022ء ) لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرادری کی ملاقات پر شاہ محمود قریشی نے طنز کے تیر برسا دیے ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا میں زرداری کا پیٹ پھاڑ کر لوٹا ہوا پیسہ واپس لاؤں گا اب کیا ہوا کہ بھٹو کا نواسہ اور بے نظیر بھٹو کا بیٹا نواز شریف سے 10 سیٹوں کی خیرات لینے گیا جب کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں راتوں رات نجانے کیا ہوا کہ مفادات کا ملاپ ہوگیا ، حکومت کی نئی کابینہ دیکھی ہے جس میں آدھے لوگ ضمانتوں پر ہیں ، جنہوں نے آتے ہی اپنے نام ای سی ایل سے نکالے ، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں یہ لوگ لٹکے ہوئے چہرے لے کر بیٹھے ہوئے تھے، ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، ان سے حساب لینے کا وقت آگیا ہے ، بہت جلد یہ 13 جماعتوں کا غیر فطری اتحاد بکھر جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ بے عیب تھیں کہ انہوں نے مدت پوری کی اور تحریک انصاف کو ہٹا دیا گیا ، ہمارے خلاف بہت بڑی سازش ہوئی ہے لیکن ہم گھبرانے والے نہیں ہیں ، لائٹیں بند کرنے یا میڈیا پر بلیک آؤٹ کرنے سے تحریک انصاف کو دبایا نہیں جاسکتا ، کراچی اور لاہور کے جلسوں میں عوام نے کہہ دیا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے، اب عید کے بعد 29 مئی کو ملتان کے جلسے کا اعلان کرتا ہوں، تمام اراکین اسمبلی اور عہدیداران 29 اپریل سے کال کی تیاریاں شروع کردیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے فنڈ ریزنگ کی کیونکہ ہمارے پاس چوری کا مال نہیں ہے، ایک کال پر ہمیں ایک ہفتے کے اندر 22 کروڑ روپے جمع کروادئیے ہیں، اب پی ٹی آئی کی اے ٹی ایمز کہاں گئیں، سازش کے خلاف پوری دنیا میں عوام احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں، 26 کو تمام اضلاع کے الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے پرامن احتجاج کیا جائے گا، ضمیر کا سودا نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کو سلام پیش کرتے ہیں اور لوٹوں کو عبرت کا نشانہ بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں