برسلز (پ۔ر)
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا نام غداری کے مقدمے سے نام خارج کرنا مثبت اقدام ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز لاہور میں حزب اختلاف کی جماعت کے بعض سرکردہ رہنماؤوں کے خلاف غداری کے ایک مقدمے میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا نام بھی شامل کیا گیا تھا جسے مختلف سیاسی حلقوں کی طرف سے سخت تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔
اپنے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیرکا عہدہ بہت اہمیت کا حامل ہے اور یہ موضوع مسئلہ کشمیر سے جڑا ہوا ہے۔ آزاد کشمیر میں وزیراعظم کسی بھی پارٹی سے ہو، اس عہدے کی مسئلہ کشمیر کے تناظر میں بہت اہمیت اور حساسیت ہے۔ خاص طور ایسی صورتحال میں جب بھارت کشمیریوں پر ظلم کررہاہے اور اس نے ایک سال سے جموں و کشمیر کے مقبوضہ خطے کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں ملٹری لاک ڈاؤن نافذ کررکھا ہے، وزیراعظم آزادکشمیر کا نام غداری کے مقدمے میں شامل کرلینا کشمیریوں کے ساتھ بہت زیادتی تھی۔ اس طرح کے غیرذمہ دارانہ رویے سے کشمیریوں کے حوصلے میں کمی آسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اس سے پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی سبکی ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ، اس طرح کے نامناسب رویے سے بیرون ممالک میں مقیم کشمیریوں کی بھی حوصلہ شکنی ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں۔
علی رضا سید نے کہاکہ بھارت کی حکومت اور بھارتی میڈیا اس موقع کی تلاش میں رہتے ہیں جس سے پاکستان کی بدنامی ہو اور ریاست پاکستان کو نیچا دکھایا جاسکے۔ بھارت کا میڈیا اس طرح کی کمزوریوں کو سامنے لاکر پاکستان کو بدنام کرتا ہے اور مسئلہ کشمیر بشمول کشمیریوں پر مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
کشمیریوں کو جو سات دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد کے لیے ہرقسم کی قربانی دے رہے ہیں، پاکستان میں اس طرح کے غیرسنجیدہ اور نامناسب اقدامات کی وجہ سے رنجیدہ ہوجاتے ہیں۔ یہ اقدام کشمیریوں کی تحریک آزادی کے لیے ہرگز نیک شگون نہیں تھا۔ خصوصاً ایسے میں جب کشمیریوں کا بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں قتل عام جاری ہے، خاص طور پر بے گناہ نوجوان ماورائے عدالت مارے جارہے ہیں اور بے شمارکشمیری قیدوبند ہیں۔ آزاد کشمیر کے منتخب وزیراعظم پر غداری کے مقدمے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بھارت اپنے مذموم مقاصد کے لیے غلط فائدہ اٹھاسکتا تھا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ آئندہ اس طرح کے غیرذمہ دارانہ اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ آئندہ اس طرح کے غیرذمہ دارانہ اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔