وطن نیوز انٹر نیشنل

عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں پی ٹی آئی کی حکومت کو وارننگ

سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں پی ٹی آئی نے حکومت کو وارننگ دے دی ‘ تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کہتے ہیں کہ لانگ مارچ کی کال پر جیسے ہی عوام سڑکوں پر نکلے تو حکومت گر جائے گی ، امپورٹڈ حکومت نے عمران خان کو گرفتار کیا تو پورا ملک تحریراسکوائربن جائے گا ، گرفتاریاں ہوئیں توجیلیں بھرجائیں گی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ اور شاہدرہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ چوں چوں کا مربہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کر پا رہا ، لندن اجلاس میں ان کے منہ لٹکے ہوئے تھے ، نوازشریف کہہ رہے ہیں ابھی اسمبلیاں توڑ دو ورنہ ہم بے نقاب ہوجائیں گے ، الیکشن الیکشن کرنے والے اب انتخابات سے بھاگ رہے ہیں کیوں کہ انہیں پتا ہے انتخابات کروائے تو عمران خان آ جائے گا۔

دوسری جانب حکمراں جماعت مسلم لیگ ن نے عمران خان کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا ، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنماء جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان آج جو باتیں کر رہے ہیں وہ ریاست کیلئے مفید نہیں ہیں ، عمران خان ملک میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں ، عمران خان نے اداروں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی ، عمران خان ملک میں خانہ جنگی کی کوشش کر رہے ہیں ، عمران خان 20 سال سے قومی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں کیوں کہ عمران خان کا مقصد معیشت اور اداروں کو کمزور کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان قومی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہیں ، عمران خان ملکی چیلنجز میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں ، کسی کو ملک کا تشخص تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، عمران خان کا مطالبہ ہے الیکشن کرائے جائیں ، ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں صبح ہی الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں لیکن انتخابات سے قبل اصلاحات کرنا چاہتے ہیں ، عمران خان کا 4 سال سے پھیلایا گندصاف کر رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں