وطن نیوز انٹر نیشنل

شیخ محمد بن زاید ال نہیان متحدہ عرب امارات کے نئے صدر ہوں گے

ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید ال نہیان کو متحدہ عرب امارات کا نیا صدر مقرر کردیا گیا ہے ان کا انتخاب نائب صدر اور دبئی کے حکمراں محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں فیڈرل سپریم کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فیڈرل سپریم کونسل نے صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے انتقال کے بعد ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کو نیا صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نئے صدر کے انتخاب کے لیے فیڈرل سپریم کونسل کا اجلاس متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں ہوا جس میں تمام ریاستوں کے حکمرانوں نے شرکت کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ خلیفہ بن زاید النہیان سپردخاک

ملک کے تیسرے صدر بننے والے 61 سالہ شیخ محمد بن زاید ال نہیان گزشتہ روز انتقال کر جانے والے ملک کے دوسرے صدر شیخ خلیفہ بن زید ال نہیان کے سوتیلے بھائی بھی ہیں۔

خیال رہے کہ نومبر 2004 میں ملک کے پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان کے انتقال پر ان کے بڑے صاحبزادے شیخ خلیفہ بن زاید کو ملک کا صدر اور شیخ محمد بن زاید کو ولی عہد مقرر کیا گیا تھا۔

گزشتہ چند برسوں سے شیخ خلیفہ بن زاید مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باعث ملکی امور نہیں چلا پارہے تھے اور ان کی غیر موجودگی میں ولی عہد شیخ محمد بن زاید ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

واضح رہے کہ صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات میں سرکاری سطح پر 3 دن کی تعطیلات اور 40 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں