وطن نیوز انٹر نیشنل

ثناءاللّٰہ مستی خیل کو لوٹا بنانے کی پوری کوشش کی گئی، عمران خان

ثناءاللّٰہ مستی خیل کو لوٹا بنانے کی پوری کوشش کی گئی، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ثناءاللّٰہ مستی خیل کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جس کو لوٹا بنانے کی پوری کوشش کی گئی لیکن یہ نہیں بنے، یہ لوٹے بنتے کیوں ہیں اس کی وجہ ہے، لوٹا تب بنتا ہے جب اس کا کوئی قبلہ نہیں ہوتا، جب ملک میں لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک کو تباہ کر دیتی ہے۔
دریا خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ سب نے میرے ساتھ مل کر ان لوٹوں اور چوروں کو شکست دینی ہے، یہ الیکشن نہیں یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہو رہی ہے، یہ جہاد امریکا کی سازش کے تحت مسلط چوروں کے خلاف ہے، یہ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، 26 سال سے ان کے خلاف جہاد کر رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو ٹیلیفون آتے ہیں کہ ہم تمہیں یہ کرلیں گے، جیل میں ڈال دیں گے، ان کی کوشش ہے کہ ہم ان چوروں کو تسلیم کرلیں ہم کبھی ان کو تسلیم نہیں کریں گے، میرے خلاف 15ایف آئی آرز کاٹی گئیں، کان کھول کر سن لو جان بھی قربان ہوجائے ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کسی کا اگر خیال ہے کہ ہم امریکا کی غلامی کریں گے، تو کسی غلط فہمی میں نہ رہو، امریکا کے ایک غلام کو وزیراعظم بنایا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان 32 سال سے حکومت کر رہے ہیں، یہ خاندان اب کہہ رہے ہیں کہ ہمارا ملک غریب ہے، ہمارے حکمران خود تو بے شرم ہیں قوم کو بھی شرمندہ کر دیتے ہیں، وزیراعطم کہتا ہے ہم مجبور ہیں اس لیے ہمیں امریکا کی غلامی کرنی ہے، ان چوروں کو تسلیم کیا تو پھر ساری زندگی امریکا کی غلامی کرنا پڑے گی، یہ مہنگائی کم کرنے نہیں اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرنے آئے ہیں، انہوں نے آنے کے ساتھ ہی 11 سو ارب روپے کا ڈاکا مارا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ احسن اقبال کو جب ایک فیملی نے کہا کہ چور ہو تو کہا کہ بدتمیزی ہے، احسن اقبال اس فیملی نے سچ کہا، آپ چور نہیں ڈاکو ہو، شہباز شریف بھی چور، غیر آئینی وزیراعلیٰ حمزہ بھی چور ہیں، آپ کے ساتھ جو ملا ہوا ہے آصف زرداری 30 سال سے یہ چوری کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں