وطن نیوز انٹر نیشنل

کراچی میں کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق

بہارکالونی کے رہائشی باپ اور بیٹی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے،35 سالہ عبدالرحمان ولد عثمان اپنی بیٹی 10سالہ حفیظہ کو بچانے کی کوشش میں زندگی کی بازی ہارگیا۔

ایس ایچ اوچاکیواڑہ انسپکٹر ایوب سومرونے بتایا کہ واقع لیاری بہارکالونی الفلاح روڈ پر واقع رہائشی عمارت کی پانچویں منزل پرفلیٹ میں پیش آیا،متوفیہ حفیظہ الیکٹرک پلگ بجلی کے بورڈ میں لگا رہی تھی کہ اس دوران اسے کرنٹ لگ گیا ماں کے شورکرنے پرباپ نے بیٹی کو بچانے کی کوشش کی تو اس دوران باپ کو بھی کرنٹ لگ گیا جس کے نتیجے میں باپ بیٹی دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
بلدیہ ٹاؤن میں گلی میں لگے تار سے کرنٹ لگنے سے 35 سالہ ارشد جاں بحق ہوگیا،سائٹ ایریا میں گھر میں بجلی کے بورڈ سے کرنٹ لگنے سے نوعمر لڑکے کی موت واقع ہوگئی، تفصیلات کے مطابق 15 سالہ عبدالعلیم الفتح کالونی کا رہائشی تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق عبدالعلیم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کر دی۔پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

کلاکوٹ تھانے کے علاقے لیاری ٹینری روڈ پر بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،ضابطے کی کارروائی کیلئے لاش سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی کی شناخت 60 سالہ سلامت ولد رکھا کے نام سےہوئی، متوفی سلاٹر ہاؤس بغدادی کا رہائشی تھا۔

ایس ایچ او کلاکوٹ عبدالغفار کورائی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا شخص سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے کنارے پر چل رہا تھا کہ اسی دوران بجلی کے گھمبے کوہاتھ لگایا توکرنٹ لگ گیا اوروہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس نےکارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

سائٹ اے تھانے کے علاقے میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک محنت کش جاں بحق ہوگیا، لاش کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 25 سالہ وقارولد دیدارکے نام سے کی گئی۔ متوفی حبیب چورنگی کے قریب ڈائننگ کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

بلدیہ ٹاؤن لونگ گوٹھ کے قریب بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے ڈوب کرلڑکی جاں بحق ہوگئی۔

ایس ایچ اوچوہدری شاہد کے مطابق ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفیہ کی لاش ورثا کے حوالے کردی۔

سہراب گوٹھ لیاری ندی میں ڈوب کر لا پتہ ہونے والے 21 سالہ نوجوان عامر کی لاش سہراب گوٹھ پل کے قریب ندی سے علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکال لی، پولیس نے نوجوان کی لاش ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان شفیق کالونی کا رہائشی تھا ،لاش متوفی کے گھر منتقل کردی گئی ہے ۔

گڈاپ سٹی سپرہائی وے پرواقع فارم ہاؤس میں دم گھٹنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق متوفی کی شناخت 16 سالہ علی بخش ولد محمد رمضان کے نام سے کی گئی، متوفی شانتی نگر ڈالمیا کا رہائشی تھا۔

ایس ایچ اوذوالفقارآرائیں کے مطابق نوجوان فارم ہاؤس کے کمرے میں سو رہا تھا کمرے میں جنریٹر کا دھواں بھر جانے سے دم گھٹنے پر موت واقع ہوئے، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں