وطن نیوز انٹر نیشنل

پولینڈ میں عزاء امام حسینؑ جاری: دارالحکومت وارسا میں مجالس عزاء یوم عاشورا تک برپا ہوں گی

پولینڈ میں عزاء امام حسینؑ جاری: دارالحکومت وارسا میں مجالس عزاء یوم عاشورا تک برپا ہوں گی
وارسا (پ۔ر) پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں محرم الحرام کے موقع پر مجالس عزاء کا سلسلہ جاری ہے۔ پولینڈ میں پاکستانیوں کی تنظیم جعفریہ فورم وارسا اور دیگر تنظیموں کے زیراہتمام دارالحکومت وارسا کے مرکزی علاقے میں مجالس عزاء منعقد ہورہی ہیں۔ ممتاز علماء شیخ محمد رضا اردو اور انگریزی زبان میں، غلام رضا حجابی فارسی زبان اور شیخ حسام السعدی عربی زبان میں عشرہ محرم کی ان مشترکہ مجالس سے خطاب کررہے ہیں۔ علماء اور مقررین اکسٹھ ہجری میں پیش آنے والے واقعہ کربلا کی تفصیل بیان کررہے ہیں، خاص طور پر انھوں نے ابتک کی مجالس کے دوران حضرت امام حسینؑ اور آپؑ کے ساتھیوں کی قربانی کا مقصد اور آپؑ کے مصائب بیان کئے۔ انھوں نے کہاکہ امام عالی مقامؑ اور آپ کے ساتھیوں نے اسلام کی سربلندی کے لئے عظیم قربانی پیش کی جس کی مثال رہتی دنیا تک نہیں ملتی۔ مجالس کے دوران نوحہ خواں و منقبت خواں اپنی دلسوزآوازوں میں نذرانہ عقیدت پیش کررہے ہیں۔ عالم دین شیخ محمد رضا نے تمام مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ امام حسینؑ کے اصل پیغام اور مقصد کو اپنی زندگیوں میں بروئے کار لائیں۔ مجالس کے ایک پاکستانی منتظم سید مہدی رضوی نے بتایاکہ ان مجالس میں اردو زبان بولنے والوں کے علاوہ، عربی، فارسی، آذری اور انگریزی سمجھنے اور بولنے والے افراد شرکت کررہے ہیں۔ مجالس کےعراقی منتظم ابواسد نجفی نے بتایاکہ امام حسینؑ کا پیغام کسی قوم اور ملک تک محدود نہیں، یہ پوری انسانیت کے لیے اعلیٰ انسانی اقدار کے تحفظ اور امن کا پیغام ہے اور یہ پیغام ساری دنیا کے لیے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں