وطن نیوز انٹر نیشنل

مسٹر ‘ایکس’، ‘وائی’ کی مبینہ دھمکیاں: کیا پنجاب حکومت خطرے میں ہے؟

لاہور —
پاکستان میں گزشتہ چند ہفتوں سے صوبۂ پنجاب کی حکومت کے خاتمے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ان افواہوں کا ذکر سابق وزیرِ اعظم عمران خان بھی اپنے جلسوں میں کرتے رہے ہیں لیکن وزیرِ اعظم شہباز شریف کی چند روز قبل لندن میں اپنے بڑے بھائی اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد ان افواہوں میں تیزی آ گئی ہے۔
پنجاب حکومت کے خاتمے کا سب سے پہلے تذکرہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے رواں ماہ سات ستمبر کو ایک جلسے سے خطاب کے دوران کیا تھا۔ اُن کا دعویٰ ہے کہ پنجاب حکومت گرانے کی سازش ہو رہی ہے جب کہ مسٹر ‘ایکس’ اور ‘وائی’ دھمکیاں دے رہے ہیں۔عمران خان نے اپنے خطاب میں یہ نہیں بتایا تھا کہ یہ سازش کون کر رہا ہے؟ اور مسٹر ‘ایکس’ اور مسٹر ‘وائی’ سے کیا مراد ہے؟
پنجاب حکومت کو گرانے سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے حلقوں میں مشاورت کی خبریں بھی زیرِ گردش ہیں۔
پاکستان کے ذرائع ابلاغ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی چند روز قبل لندن میں اپنے بڑے بھائی اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں بھی پنجاب حکومت کے خاتمے پر تبادلۂ خیال ہوا تھا۔ تاہم سرکاری طور پر یا آزاد ذرائع سے اِن امور کی تصدیق نہیں ہو سکی۔مبصرین سمجھتے ہیں کہ پنجاب حکومت کے خاتمے کی بات صرف اِس لیے کی جاتی ہے کہ سیاسی طور پر سیاسی مخالفین کو دباؤ میں رکھا جا سکے اور فی الحال عملی طور پر ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں