وطن نیوز انٹر نیشنل

انگلینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو 63 رنز سے شکست دے دی

:بین ڈکٹ اور ہیری بروک کی چوتھی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 139رنز اورہیری بروک کی 3 وکٹوں نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کو 63 رنز سے شکست دے دی،ہیری بروک کو مین آف دی میچ ایوراڈ دیا گیا، انگلش ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے، پاکستان کی ٹیم 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بناسکی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعہ کی رات کھیلے گئے7ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میںانگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 222 رنز کا ہدف دیا، جواب میں پاکستان کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بناسکی۔پاکستان کے ابتدائی 6 اوورز کے پاور پلے کے دوران 4 وکٹوں کے نقصان پر 29 رنز بنے۔

پاکستان کے کپتان بابراعظم کی پہلی وکٹ مجموعی اسکور 17 رنز پر گری جس کے بعد چھوتے اوور کی آخری گیند پر ریس ٹوپلے نے محمد رضوان کو کلین بولڈ کردیا جبکہ پانچویں اوور کی پہلی گیند پر مارک وڈ نے حیدرعلی کو آئوٹ کیا۔اس طرح دو گیندوں پر یکے بعد دیگرے پاکستان کی دو وکٹیں گریں جبکہ چھٹے اوور کی تیسری گیند پر سیم کورن نے افتخاراحمد کو پویلین بھیج دیا۔ شان مسعود اور خوشدل شاہ نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 62رنز کا اضافہ کیا۔

شان مسعود 40 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔خوشدل شاہ 29،محمدنواز 19، محمد رضوان 8، بابراعظم 8،افتخاراحمد6، حارث رئوف 4، حیدرعلی 3 جبکہ عثمان قادر کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے بالر مارک وڈ نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عادل رشید نے 32 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ریس ٹوپلے،سیم کورن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 222 رنز کا ہدف دیا ہے۔

انگلش ٹیم نے اپنے بیٹنگ پاور پلے کے دوران ابتدائی 6 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنائے۔بین ڈکٹ اور ہیری بروک کی چوتھی وکٹ کی شراکت میں 69 گیندوں پر ناقابل شکست 139رنز بنے جس نے انگلینڈ کی ٹیم کو ایک بڑا اور مستحکم اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔اس دوران پاکستانی بالرز بلکل بے بس نظر آئے اور دونوں بلے بازوں نے گرائونڈ کے چاروں جانب آزادی کے ساتھ دلکش اسٹروکس کھیلے۔ کسی بھی ٹیم کا پاکستان کے خلاف یہ سب سے بڑا اسکور ہے۔

ہیری بروک نے 35 گیندوں پر 5 بلند و بالا چھکے اور 8 زبردست چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 81 رنز بنائے جبکہ بین ڈکٹ نے 42 گیندوں پر ایک چھکا اور 8 چوکوں کی مدد سے69 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ ول جیکس 40، ڈاوڈ ملان 14،فل سالٹ 8 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

پاکستانی بالر شاہنواز ڈھانی نے اپنے مقرر 4 اوورز میں کوئی وکٹ حاصل کئے بغیر 62 رنز دئیے جو کسی بالر کے لئے رنزدینے کے اعتبار سے دوسرابڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2019 میں عثمان شنواری نے جنوبی افریقہ کے خلاف 63 رنز دئیے تھے۔

عٹمان قادر نے 48 رنز دیکر 2 اور محمد حسنین نے 36 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں پاکستان کی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ کو سیریز میں 2-1 برتری حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں