وطن نیوز انٹر نیشنل

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، مذہبی، فوجی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کی ایک قابل فخر تاریخ ہے، نواف بن سعید المالکی کا سعودی قومی دن کی تقریب سے خطاب

پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مخلصانہ اسلامی بھائی چارے اور ایک دوسرے کے ساتھ سچی محبت پر مبنی ہیں۔گزشتہ رات ایک ہوٹل میں 92ویں سعودی قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب نے تمام اسلامی ممالک پر خصوصی توجہ دی لیکن پاکستان اسلامی دنیا میں سب سے اہم ملک ہے،دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی، مذہبی، فوجی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کی ایک قابل فخر تاریخ ہے۔

دریں اثنا سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے سعودی عرب کی قیادت اور اس کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی گھر کے طور پر ایک بہت ہی بلند مقام حاصل ہے کیونکہ یہ ہمارے پیارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مقدس سرزمین ہے ۔انہوں نے حج سے متعلق خدمات میں مسلسل بہتری کے لیے سعودی قیادت کی کوششوں اور اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان نے ایک بصیرت والے رہنما کی حیثیت سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اختراعات کے ذریعے حجاج کرام کے لیے قابل ذکر نئی سہولیات متعارف کرائی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت ہے۔

صادق سنجرانی نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بروقت مدد کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سعودی سفیر کی ملک کے دور دراز علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد تک ذاتی طور پر پہنچنے پر بھی تعریف کی۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے ہمراہ سعودی عرب کے قومی دن کا کیک کاٹا۔ان خوبصورت لمحات کو معاشرے کے مختلف طبقات بالخصوص سیاست دانوں، سفارت کاروں، مذہبی اسکالرز، مسلح افواج اور تعلیمی اداروں کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شیئر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں