وطن نیوز انٹر نیشنل

دبئی انڈسٹریل سٹی میں الیکٹریکل کاریں بنانے والی پہلی فیکٹری کا افتتاح کردیا گیا

متحدہ عرب امارات میں الیکٹریکل کاریں بنانے والی پہلی فیکٹری کا افتتاح کردیا گیا۔ اُردو نیوز نے الامارات الیوم کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ ام جلوری ہولڈنگ گروپ نے دبئی انڈسٹریل سٹی میں الیکٹریکل کاریں تیار کرنے والی الدمانی فیکٹری کا افتتاح کیا ہے، جو کہ امارات میں اپنی نوعیت کی پہلی فیکٹری ہے جہاں گاڑیاں اسمبل ہوں گی اور سالانہ 10 ہزار تک گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔
بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کاربن کے اخراج میں کمی اور گرین ٹرانسپورٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو سامنے رکھتے ہوئے اس فیکٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، فیکٹری 45 ہزار مربع فٹ پر قائم کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ٹیکوم گروپ کے ڈپٹی ایگزیکٹیو چیئرمین سعود ابو الشوارب نے کہا کہ فیکٹری کا قیام کم کاربن والی توانائی کے حوالے سے ٹرانسپورٹ کی دنیا میں ایک اور بڑی کامیابی ہے، فیکٹری کا افتتاح اس بات کا عکاس ہے کہ امارات میں صنعت کا معیار مسلسل بلند ہورہا ہے اور ہماری مستقل کوشش یہی ہے کہ یو اے ای میں مختلف قسم کی صنعتوں کو فروغ دیا جائے۔

ام جلوری ہولڈنگ کی مجلس انتظامیہ کی چیئرپرسن ڈاکٹر ماجدہ العزعزی نے کہا کہ الدمانی کار فیکٹری خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی ہے، جلد ہی اس فیکٹری کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے گا اور 10 لاکھ مربع فٹ کے رقبے تک فیکٹری کو بڑھاتے ہوئے 2 برس کے اندر 55 ہزار گاڑیوں کی سالانہ پیداواری استعداد تک پہنچایا جائے گا۔ ادھر دبئی میں اڑنے والی کار اپنی پہلی عوامی پرواز کے لیے تیار ہے، یہ فلائنگ کار ایک ذہین فلائٹ کنٹرول سسٹم اور خود مختار پرواز کی صلاحیتوں سے لیس ہے، Gitex Global 2022 میں ایک معروف ٹیک اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ایکس پینگ (Xpeng) کی جانب سے بنائی گئی فلائنگ کار کی پہلی عالمی عوامی پرواز کا مظاہرہ کیا جائے گا، اس الیکٹرک عمودی ٹیک آف اینڈ لینڈنگ (eVTOL) فلائنگ کار کو X2 کہا جاتا ہے، یہ کار ایکس پینگ کے ذریعہ آزادانہ طور پر تیار کی گئی مستقبل کی گاڑیوں کی نسل میں تازہ ترین اضافہ ہے، دبئی میں خصوصی عوامی پرواز امارات میں اس کے آفیشل پارٹنر دبئی چیمبر آف کامرس کے تعاون سے منعقد کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں