وطن نیوز انٹر نیشنل

ٹی 20 ورلڈکپ کا بڑا اپ سیٹ، زمبابوے نے پاکستان کو شکست دے دی

پرتھ: ٹی 20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے چوبیسویں میچ میں زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 1 رن سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ کوشش ہوگی پاکستان کے خلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں تاہم ان کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز اسکور کرسکی۔

زمبابوے اننگز
زمبابوے کی پہلی وکٹ 19 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، حارث رؤف نے کپتان ایروائن کو پویلین کی راہ دکھائی، بعد ازاں 43 کے مجموعی اسکور پر دوسرے کھلاڑی میڈ ویئر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پھر دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 64 تک پہنچایا تو شومبا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر 95 کے مجموعی اسکور پر شان ولیمز 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے بعد ازاں 95 رنز پر ہی چکابوا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے اور پھر 95 کے ہی مجموعی اسکور پر سکندر رضا، لیوک چونگوے بھی آؤٹ ہوئے۔

زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، سین ولیم 31 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے چار، شاداب خان نے تین اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستنانی اننگز

پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور محمد رضوان نے اوپننگ کی۔ بابراعظم نو گیندیں کھیلنے کے بعد محض چار رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے پھر 23 کے مجموعی اسکور پر وکٹ کیپر محمد رضوان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے، بعد ازاں 36 رنز پر افتخار احمد کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔

پھر شان مسعود اور شاداب خان نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 88 تک پہنچایا تو شاداب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور شان مسعود 94 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، یوں پاکستان کو چھٹے نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

آخری اوور کی چوتھی بال پر جب پاکستان کو دو گیندوں پر تین رنز دکار تھے تو محمد نواز نے باؤنڈری لگانے کے چکر میں اونچا شاٹ کھیلا اور 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آخری گیند پر پاکستان کو تین رنز درکار تھے تو شاہین آفریدی دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان کو سسنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود 44 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ جبکہ چار کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے جن میں حیدر علی بھی شامل ہیں۔ زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے تین، بریڈ ایوانس دو، بلیسنگ مضرابانی اور لوک نے 1، 1 کھلاڑی کو شکار بنایا۔

قبل ازیں ٹاس کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ ہی کرنا چاہتے تھے تا کہ ابتدا میں بالرز سوئنگ سے فائدہ اٹھاسکیں۔

اسکواڈ میں تبدیلی

دوسری جانب قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے آصف علی کی جگہ محمد وسیم جونئیر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

قبل ازیں پاکستان کو ٹی20 ورلڈکپ کے اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 4 وکٹوں کی ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا، قومی ٹیم کو ٹاپ 4 ٹیموں میں جگہ بنانے کیلئے زمبابوے کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، حیدر علی، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونئیر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ۔

زمبابوے کا اسکواڈ:

کپتان کریگ ایرون، ویسلی مدھویرے، ملٹن شمبا، شان ولیمز، سکندر رضا، ریگیس چکابوا، ریان برل، لیوک جونگوے، بریڈ ایونز، رچرڈ اینگاروا اور بلیسنگ مزاربانی

اپنا تبصرہ بھیجیں