وطن نیوز انٹر نیشنل

عمران خان نے فیصل واوڈا کو پی ٹی آئی سے نکال دیا

عمران خان نے فیصل واوڈا کو پی ٹی آئی سے نکال دیا
فیصل واوڈا کی اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس پر وضاحت کے لیے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر پارٹی رکنیت معطل،نوٹیفیکیشن جاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ، اخبارہ تازہ ترین، 29اکتوبر 2022) پاکستان تحریک انصاف سے فیصل واوڈا کو نکال دیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔فیصل واوڈا کی اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس پر وضاحت کے لیے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر پارٹی رکنیت معطل کی گئی۔پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹ میں عمران خان کی جانب سےفیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی شیئر کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ نوٹس پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر آپ کو 26 اکتوبر کو جاری کردہ اس نوٹس کے حوالے سے جاری کیا جا رہا ہے،آپ نے مقررہ مدت کے اندر نوٹس کا جواب نہیں دیا اس لیے پارٹی سے آپ کی رکنیت معطل کی جاتی ہے۔
فیصل واوڈا نے ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے لانگ مارچ خونی ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔
فیصل واوڈا کی متنازع پریس کانفرنس کے بعد نہ صرف پی ٹی آئی رہنماؤں بلکہ عمران خان کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا۔بعد ازاں فیصل واوڈا کی بنیادی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی گئی۔سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ میرے مخالف جو کرنا چاہیں کر لیں ۔میں نے ارشد شریف کیلئے جو کہا ہے اس پر کھڑا ہوں۔فیصل واوڈا نے مزید کہا میں نے اپنی پارٹی کو ایک سچا مشورہ دیا ہے، پہلے بھی کہا چکا ہوں اور آج بھی کہ رہا ہوں کہ کچھ سازشی ہمارے پر امن مارچ میں معصوم لوگوں کو بلی کا بکرا بنا سکتے ہیں،اس میں پارٹی پالیسی کے خلاف کیا ہے؟۔
پریس کانفرنس میں فیصل واوڈا نے کہا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون اورجنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، میں اپنے معصوم پاکستانیوں کو چند لوگوں کی سازش کیلئے مرنے نہیں دوں گا، آخری وقت تک کوشش کروں گا کہ لاشوں اور خون کا کھیل بند ہو، عمران خان کو بتا چکا کہ اس سازش کے مقاصد کچھ اور ہیں۔جبکہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس میں فیصل واوڈا ، عمران خان اور مراد سعید سے بھی تفتیش کی جائے گی۔
انہوں نے پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کے بعد کسی اور شہادت کی ضرورت نہیں ہے،ان باتوں کو سنجیدہ لینا چاہیے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فیصل واوڈا کی باتوں کو پیش نظر رکھیں تو ارشد شریف معاملے کے سارے تانے بانے عمران خان کی طرف جاتے ہیں۔ فیصل واوڈا نے نے اس فیملی کو بے نقاب کر دیا،کینیا کے فارم ہاؤس کا تعلق ایسی فیملی سے بنایا جارہا ہے جن کا دبئی میں کاروبار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرنے والا کمیشن فیصل واوڈا سے تفتیش شروع کرے جبکہ عمران خان اور مراد سعید سے بھی تفتیش کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کی باتیں بہت جگہوں پر اہم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں