وطن نیوز انٹر نیشنل

قومی ٹی 20 کپ، ستاروں سے سجے اسکواڈز کی نقاب کشائی

6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کیلیے اپنی فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے 16، 16 رکنی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے، فرسٹ الیون ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک ملتان اور راولپنڈی میں جاری رہے گا۔

سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے میچز یکم سے 8 اکتوبر تک لاہور میں کھیلے جائینگے۔ دونوں ٹورنامنٹس میں ناردرن ایسوسی ایشن اپنے ٹائٹلز کا دفاع کرے گی، پہلی مرتبہ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے، مقصد آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ مواقع دینا ہے، پلیئرز پی ایس ایل کی نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ سے قبل فرنچائز مالکان کی توجہ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
دفاعی چیمپئن ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے اس بار بھی ایک مضبوط ٹیم کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قیادت آل راؤنڈر عماد وسیم کریں گے، ان کو اسٹار کرکٹرز شاداب خان، حیدر علی، حارث رؤف اور محمد عامر کی خدمات بھی حاصل ہوں گی، اْبھرتے ہوئے فاسٹ بولر موسیٰ خان اور وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر اسکواڈ کا حصہ ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، محمد نواز، سہیل تنویر اور عمر امین کے نام بھی نمایاں ہیں۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سینٹرل پنجاب کی کپتانی کریں گے، دیگر اہم کھلاڑیوں میں نسیم شاہ، فہیم اشرف، ظفر گوہر، کامران اکمل، عابد علی، بلال آصف اور احسان عادل کے نام بھی شامل ہیں۔ اوپنر احمد شہزاد اور فاسٹ بولر حسن علی فٹنس مسائل کی وجہ سے باعث سلیکشن کیلیے دستیاب نہیں تھے، ہیڈ کوچ شاہد انور پہلی مرتبہ ایونٹ میں سینٹرل پنجاب کے ڈگ آؤٹ میں نظر آئیں گے۔

گذشتہ سال قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے کسی میچ کیلیے ٹیم میں جگہ نہ بنانے والے سلمان بٹ کو رواں سال فرسٹ الیون ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، ان کے تجربے کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیکنڈ الیون کی قیادت پیش کی گئی جسے انھوں نے مسترد کر دیا، انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ یں شرکت کی وجہ سے بابر اعظم اور عماد وسیم 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے دوسرے راؤنڈ کیلیے دستیاب ہوں گے۔

گذشتہ سال کی رنرز اپ ٹیم بلوچستان کی قیادت حارث سہیل کے سپرد ہے۔ ہیڈ کوچ فیصل اقبال کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں امام الحق، عمران فرحت، کاشف بھٹی، یاسر شاہ اور عمر گل کے نام موجود ہیں۔

خیبرپختونخوا کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کرینگے، فخر زمان، افتخار احمد، عمران خان سینئر، محمد حفیظ، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، عثمان شنواری اور وہاب ریاض بھی ان کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ شاہین آفریدی فی الحال ہیمپشائر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ لہٰذا وہ ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جلوہ گر ہونگے۔

ستاروں سے سجی اس ٹیم کے ہیڈ کوچ سابق کرکٹر عبدالرزاق ہونگے، سندھ کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کرینگے، انھیں انور علی، اسد شفیق، خرم منظور، میر حمزہ، محمد حسنین، رومان رئیس اور شرجیل خان جیسے کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہوگا۔ سابق کرکٹر باسط علی بطور ہیڈ کوچ ٹیم کی رہنمائی کرینگے۔

سدرن پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرحمن نے شان مسعود کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عامر یامین، بلاول بھٹی، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد عرفان، راحت علی (فٹنس سے مشروط) اور صہیب مقصود کے نام شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں