وطن نیوز انٹر نیشنل

سہولت بازاروں کی تعداد بڑھا ئی جا ئیگی :اے ڈی سی

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میر محمد نواز نے سمبڑیال اور ڈسکہ میں سہولت بازاروں کا دورہ کیا ،عوام کی سہولت کیلئے لگائے گئے آٹا ،چینی،سبزیوں سمیت دیگر اشیا کے سٹالز کا معائنہ کیا ، قیمتوں اور معیار کی پڑتال کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال سونیا صدف اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آصف مہدی بھی موجود تھے ۔ اے ڈی سی ریونیو نے کہاکہ سہولت بازاروں میں صارفین کیلئے پارکنگ سٹینڈ،سائبان اور پینے کے پانی کے بندوبست کے علاوہ صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں ایک،ایک سہولت بازار قائم کیا گیا ہے جبکہ سہولت بازاروں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا جہاں تمام اشیا خور و نوش وافر مقدار میں دستیاب ہونگی۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال اور اس سلسلہ میں انتظامی غفلت ، سستی اور نااہلی کو حکومت پنجاب کسی بھی صورت مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں اور فوری طور پر سخت ترین انتظامی اقدامات کے ذریعے ذخیرہ اندوز اور منافع خور مافیا کے سدباب کا فیصلہ کیاگیاہے جس کیلئے انتظامی افسر،پولیس اور خفیہ ادارے مل کر آپریشن کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں