وطن نیوز انٹر نیشنل

بھارتی ظالمانہ اقدامات کے باوجود کشمیری عوام جموں کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ … راجہ بلال مصطفٰی.

سٹاک ہوم(نمائندہ خصوصی)۔ تمام تر بھارتی ظالمانہ اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ حریت ختم نہیں کیا جاسکا اور وہ جموں کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جب تک یہ مسئلہ ریاست جموں کشمیر کے باشندوں کی خواہش کے مطابق حل نہیں ہوجاتا برصغیر میں دائمی امن قائم نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر کونسل سویڈن کے نائب صدر راجہ بلال مصطفٰی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سویڈن اور یورپ میں اجاگر کرنے اور یہاں کی رائے عامہ کی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے کشمیر کونسل سویڈن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں باشعور اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے جدوجہد کرنے والے افراد شامل ہیں جن کا تعلق تمام طبقات سے ہے۔ کشمیر کونسل سویڈن مستقبل میں ایک مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرے گی۔ کشمیر کونسل سویڈن کے عہدیداروں میں چئیرمین چوہدری ظفر اقبال، صدر سردار تیمور عزیز، سنئیر نائب صدر شہزاد ملک، نائب صدر راجہ بلال مصطفٰی، جنرل سیکریٹری وحید احمد، جوائینٹ سیکریٹری عمر شاہ، سیکریٹری اطلاعات عمران وقاص، سیکریٹری امور خارجہ اشتیاق خان اور فنانس سیکرٹری محمد آصف بٹ شامل ہیں۔ کشمیر کونسل سویڈن آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر 25 اکتوبر کو ایک آن لائن سیمینار منعقد کررہی ہے جس میں صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود احمد خان، آزاد جموں کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف آزادکشمیر کے سربراہ بیرسٹر سلطان محمود، برطانوی دارالامرا کے رکن لارڈ نذیر احمد، امریکی صدر کے مشیر ساجد تاررڑ، کشمیر امریکن کونسل کے صدر ڈاکٹر غلام نبی فائی، سویڈش پارلیمنٹ کے رکن سرکن کوسے اور دیگر اہم راہنما شرکت کریں گے۔ راجہ بلال مصطفٰی کے مطابق اس آن لائن سیمینار میں دنیا بھر سے آزادی پسند لوگ شریک ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں