وطن نیوز انٹر نیشنل

پنجاب اسمبلی میں فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کیخلاف مذمتی قرارداد جمع

لاہور: فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کے خلاف مذمتی قراردادتحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔

فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کیخلاف مذمتی قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے ۔قرار داد کے متن کے مطابق حضرت محمد مصطفی ٰﷺ ،رحمت دو جہاں، حامی بےکساں، شافع اُمتاں رہبر رہبراں، سرور سروراں، تاجدار شہاں،فخر پیغمبراں کی تعریف د توصیف ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے،عقیدہ ختم نبوتﷺ اور ناموس رسالتﷺ کی حفاظت ہم سب مسلمانوں پر لازم ہے،دنیا میں وقفے وقفے سے تمام مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے اور دل چھلنی کرنے کیلئے آپ ﷺ کی شان میں گستاخی کے حربے اختیار کیےجاتے ہیں جوعالم اسلام کو کسی طور قبول نہیں۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر میں فرانس کے صدر اور حکومت براہ راست شامل ہیں جس سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،بلاشبہ ایسی مذموم مہم اسلام کی بے حرمتی اور دنیا بھر کے امن کو سبوتاژ کرنے کے خلاف گھناؤنی سازش ہے،پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ناموس پر مر مٹنے کو تیار ہیں،یقیناً فرانس کی جانب سے ایسی حرکت سے دنیا کا امن خراب ہوگا۔

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات مکمل طور پر ختم کیےجائیں۔،مسلم ممالک تمام فرانسیسی اشیاء کا بائیکاٹ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں