وطن نیوز انٹر نیشنل

سی پیک ورکنگ گروپ:پشاورڈیرہ،سوات موٹروے فیزٹوپراتفاق

اسلام آباد:سی پیک کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے آٹھویں اجلاس میں پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے ، سوات ایکسپریس وے فیز ٹو، دیر ایکسپریس وے ، ایم ایل ون پراجیکٹ، کراچی سرکلر ریلوے ، پشاور سرکلر ریلوے اور کوئٹہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چترال، شندور، گلگت، نوکنڈی، ماشکیل، پنجگور، میرپور ، مظفر آباد، مانسہرہ شاہراہوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن، چین کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ ڈائی ڈانگ چنگ کے علاوہ چین کے انٹرنیشنل کوآپریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شان ہا نگ جن، این ایچ اے کے چیئرمین کیپٹن (ر) سکندر قیوم، سی پیک اتھارٹی، وزارت خارجہ، وزارت ریلوے ، وزارت میری ٹائم، حکومت سندھ، حکومت خیبر پختونخوا، حکومت بلوچستان اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشاور۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے ، سوات ایکسپریس وے فیزٹو اور دیر ایکسپریس وے کی تعمیر پر اتفاق کیا گیا۔ سیکرٹری مواصلات ظفر حسن نے سوات اور چترال۔ چکدرہ موٹروے کو سی پیک کے مغربی روٹ میں شامل کرنے کی تجویز دی۔ چین کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار اور معیار برقرار رکھنے پر پاکستان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا چین مزید منصوبے سی پیک میں شامل کرنا چاہتا ہے ۔ چیئرمین این ایچ اے نے کہا سکھر۔ ملتان موٹروے اور حویلیاں۔ تھا کوٹ موٹروے کو اعلیٰ معیار کے مطابق ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں