وطن نیوز انٹر نیشنل

عمران خان نیدرلینڈ کے وزیراعظم کی مثالیں دیا کرتے تھے، لیکن نیدرلینڈ کے وزیراعظم دراصل کس طرح رہتے ہیں؟ آپ بھی جانئے

ایمسٹرڈیم(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نیدرلینڈز کے وزیراعظم کی سادگی اور ان کے سائیکل پر دفتر جانے کی بہت مثالیںدیا کرتے تھے اور ہم بھی ان کے محض سائیکل پردفتر جانے کو سادگی سمجھے بیٹھے تھے لیکن گزشتہ دنوں معروف صحافی اقبال لطیف نے ایک ویڈیو کے ذریعے نیدرلینڈز کے نہ صرف وزیراعظم بلکہ پوری حکومتی مشینری کی سادگی دکھا کر پاکستانیوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ اقبال لطیف اس ویڈیو میں نیدرلینڈز کے وزیراعظم ہاؤس، پارلیمنٹ اور سینیٹ کی عمارات دکھاتے ہیں
جو بہت عام سی عمارتیں تھیں اور ان کے سامنے کوئی ایک سکیورٹی گارڈ بھی نہیں ہوتا۔ اقبال لطیف ہاتھ سے وزیراعظم ہاؤس کا دروازہ کھولتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ”اس کا دروازہ ہمہ وقت کھلا رہتا ہے اور کوئی بھی شخص اندر جا سکتا ہے۔“ اس کے ساتھ ہی سینیٹ اور پارلیمنٹ کی عمارات تھیں جہاں لوگوں کا ہجوم تھا اور حیران کن طور پر وہاں صرف ایک گاڑی کھڑی تھی۔ یہ عمارات دکھاتے ہوئے اقبال لطیف بتاتے ہیں کہ ”یہاں سب لوگ بائیک پر سفر کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم ہاؤس، سینیٹ اور پارلیمنٹ کی عمارات میں گاڑیاں پارک کرنے کے لیے کوئی مخصوص پارکنگ ایریا نہیں بنایا گیا۔وزیراعظم ہاؤس کی طرح سینیٹ اور پارلیمنٹ میں بھی جس شہری کا جی چاہے جا سکتا ہے، یہاں کوئی سکیورٹی گارڈ ہے اور نہ کوئی روک ٹوک۔“اقبال لطیف بتاتے ہیں کہ ”نیدرلینڈز کی معیشت کا حجم ایک ٹریلین ڈالر سے اوپر ہے جو پاکستان کی معیشت سے 5گنا زیادہ ہے۔ نیدرلینڈز دنیا کی 16ویں بڑی معیشت ہے اور ان کی سادگی دیکھیں۔ سینیٹ اور پارلیمنٹ کی عمارات میں شہری گھوم رہے ہیں۔نیدرلینڈز کے وزیراعظم اپنا کام خود کرتے ہیں، اپنی کافی خود بناتے ہیں۔ اس کے لیے انہوں نے کوئی ملازم نہیں رکھے ہوئے۔ یہ سب دیکھتے ہوئے آپ سمجھ سکتے ہیں کہ سادگی اپنانا کوئی ایسا مشکل کام نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں