وطن نیوز انٹر نیشنل

ایف ڈی اے سے غیر منظور ، 5 ہاؤسنگ سکیموں کے دفاتر سیل

فیصل آباد ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ کی ہدایت پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے بغیر منظوری قائم کی جانیوالی پانچ ہاؤسنگ سکیموں کے دفاتر کو سیل کردیا جن کے ڈویلپرز کو ایف ڈی اے کی طرف سے نوٹسز جاری کئے گئے تھے کہ وہ ہاؤسنگ سکیم کے اجراء کیلئے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے باقاعدہ منظوری حاصل کریں، عدم تعمیل پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے چک نمبر 196رب میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تووہاں ہاؤسنگ سکیم کرن ویلی، جے ایم ویلی، رائل پام سٹی اور اضافی آبادی جبکہ شیخوپورہ روڈ پر پیرا ڈائزفیز i غیر منظور شدہ پائی گئیں جن کے دفاتر کو فوری طور پر سیل کردیاگیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے ڈویلپرز سے کہاگیاہے کہ وہ محکمانہ شرائط وضوابط کے تحت ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کیلئے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر وہ کام جاری نہیں رکھ سکیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں