وطن نیوز انٹر نیشنل

موجودہ حالات میں سیرت طیبہ کو پڑھنے اور عمل پیرا ہونیکی ضرورت ہے: ڈپٹی کمشنر

گجرات(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سیرت طیبہ ﷺکو پڑھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے، علما کرام ممبر کے ذریعے اسوہ حسنہﷺ کی روشنی میں مسلمانان عالم کی کردار سازی پر توجہ دیں ساتھ ہی معیشت کی بہتری پر توجہ مرکوز کی جائے، حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق ضلع گجرات میں بھی ہفتہ عشق رسول بھرپور جوش و جذبہ سے منایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی پی او عمر سلامت، ممبران ضلعی امن کمیٹی کے ممبران صاحبزادہ سعید شاہ گجراتی، پروفیسر سرفراز جعفری، قاری الطاف الرحمن، قاری ضیا اللہ عطاری و دیگر بھی موجود تھے۔شرکاء نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں، پشاور میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی، پاکستان کی ترقی اور امن کیلئے دعا کی گئی جبکہ مقررین نے ہدیہ نعت بحضور سرور کونین پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہر مسلمان اسوہ حسنہﷺ کے مطابق اپنے کردار و عمل کو مضبوط بنائے، اسکے ساتھ مضبوط معیشت پر توجہ دی جائے، اسی صورت میں مضبوط پاکستان اور امت کے تصور کو حقیقت کی شکل دینا ممکن ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ روز پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد پوری قوم کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے، حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کر رہے ہیں ساتھ ہی علما کرام، امن کمیٹی اور ہر محب وطن پاکستانی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہفتہ عشق رسول کے موقع پر ضلع بھر میں محافل میلاد، جلوس اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا. ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ فرانس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آل وسلم کی شان میں گستاخی ناقابل قبول ہے جس کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی، اہل اسلام آزادی اظہار رائے کی آڑ میں نبی کریم کی اہانت کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے. قبل ازیں علما کرام نے اپنے خطاب میں سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں