وطن نیوز انٹر نیشنل

سماجی بھلائی کی این جی اوزحکومت کا دست و بازو ہیں،گورنر

کراچی گورنر سندھ عمران اسماعیل سے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا بشیر فاروقی نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال اور سیلانی کے تعاون سے صوبہ کے مختلف شہروں میں لنگر خانوں کے قیام کیلئے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات بے مثال ہیں جبکہ ملک کے مختلف اضلاع میں لنگر خانوں کے قیام میں سیلانی کا تعاون قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) حکومت کا دست و بازو ہیں جن کی مدد اور تعاون کے باعث عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مخیر حضرات فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، بالخصوص کراچی کے مخیر حضرات کسی نیک مقصد میں تعاون کرنے سے کبھی نہیں ہچکچاتے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے احساس پروگرام شروع کیا جس کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کو نقد رقم کی فراہمی بھی اس پروگرام کے تحت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی کے تعاون سے صوبہ کے مختلف مقامات پر لنگر خانوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ مولانا بشیر فاروقی نے گورنر سندھ کو سیلانی ٹرسٹ کے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں