وطن نیوز انٹر نیشنل

پی ایچ اے کے 700سے زائد ورک چارج ملازمین کئی سال بعد بھی مستقل نہ کئے جاسکے

فیصل آباد:پی ایچ اے کے 700سے زائد ورک چارج ملازمین کئی سال گزرنے کے باوجود بھی مستقل نہ کئے جاسکے ۔ روزانہ کی دیہاڑی پر کام کرنے والے ورکرز سالانہ بونس، سالانہ انکریمنٹ، میڈیکل اور دیگر الائونسز سے بھی محروم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے میں گزشتہ تقریبا 8سال سے ملازمت کرنے والے 700سے زائد ورک چارج ملازمین حکام بالا کی عدم توجہی کے باعث مستقل نہ ہوسکے ۔ مستقل نہ ہونے سے نہ صرف ان کے سر پر ہر وقت نوکریوں سے فارغ کئے جانے کی تلوار لٹکتی رہتی ہے بلکہ ملازمین کو سالانہ الائونسز، انکریمنٹس، میڈیکل سمیت دیگر الائونسز سے بھی محروم رکھا جارہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے محکمہ کے فنانس اور اکائونٹس ڈیپارٹمنٹ کے افسروں کی جانب سے حکام بالا کو گمراہ کرتے ہوئے ملازمین کو نوکریوں پر مستقل کرنے سے روکا جاتا ہے اور محکمہ کے فنڈز بچانے کا لالچ دیتے ہوئے حکام کو ملازمین کی مستقلی سے روک دیا جاتا ہے ۔ ملازمین کی جانب سے حکام بالا کو متعدد بار درخواستیں بھی دی گئیں حکام کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے وعدے بھی کئے گئے لیکن ان وعدوں کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔ذرائع کے مطابق مستقل ہونے کے منتظر ملازمین میں سے بیشتر ملازمین کی عمریں بھی 35سال سے زائد ہوچکی ہیں۔ اس معاملے پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ کا کہنا ہے کہ ملازمین کو مستقل کرنے اور الائونسز کے اجرا کیلئے کوشاں ہیں جلد مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں