وطن نیوز انٹر نیشنل

پرانی تکنیک پر چلنے والے 7 بھٹے بند ,مالکان کو جرمانے

فیصل آباد:ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے کارروائی کرتے ہوئے پرانی تکنیک پر چلنے والے 7 بھٹے بند کراکر سیل اور بھٹہ مالکان کو 80 ہزار روپے جرمانہ کردیا ۔سیل کئے جانیوالے بھٹوں میں نڑوالابائی پاس بوڑیوال روڈ 7 ج ب میں عبدالرشید، نزد سمال انڈسٹریز اسٹیٹ پر حاجی محمد رمضان، نلکہ کوہالہ پر شاہد فاروق، سیم نالہ باوا چک میں رانا ابرار، محمد جمیل،عقب منان ٹاؤن گوکھووال میں انس عزیزودیگر شامل ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو سیل کردیاجائیگا ادھر 482سے زائد بھٹہ مالکان نے دوماہ کیلئے بھٹہ بندش کے حکومتی فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔بھٹہ مالکان کا مؤقف ہے کہ انہیں مزید ایک ہفتہ تک بھٹے چلانے کی اجا زت دی جائے تاکہ وہ بھٹوں پر پڑا خام مال استعمال میں لا سکیں۔ مظاہرین سے ضلعی صدر عبدالرزاق باجوہ نے کہا پاکستان میں بھٹوں کی کل تعداد تقریباً 22ہزار کے قریب ہے جن میں سے 15ہزار کے قریب بھٹے چلتے ہیں ایک بھٹہ روزانہ تقریباً 30ہزار اینٹ بناتا ہے اس حساب سے پاکستان میں روزانہ 40کروڑ اینٹ بنتی ہے ۔2ماہ بھٹے بند رہنے سے 27ارب اینٹ کی کمی کا سامنا کرنا پڑیگا اور 25لاکھ مزدور بے روزگار ہو جائینگے جبکہ ملکی پیداوار میں 189ارب روپے کی کمی ہو گی ۔ چیئر مین حاجی الطاف، ڈویژنل صدر حا جی اسلام نے کہا مالکان اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہو چکے ہیں دو ماہ تک وہ مزدوروں کو تنخواہیں نہیں دے سکتے فیصل آباد میں ابھی سموگ نہیں آئی اس لئے پابندی بلا جواز ہے ۔انہوں نے چیف جسٹس ،وزیر اعظم،آرمی چیف سے غورکرنے کامطالبہ کیا ۔مظاہرے میں رانا رشید ،حافظ اکرم،حاجی منیر،میاں یوسف،رانا رؤف، رانا فرمان، الماس چٹھہ، چودھری عبدالرحمن، حاجی افضل، بنیامین، چودھری شمشاد ودیگر شریک تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں