وطن نیوز انٹر نیشنل

شہر کی خوبصورتی, چورنگیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

کراچی ایڈمنسٹریٹر وکمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ چورنگیوں کی بیوٹیفکیشن کے لئے انہیں نیلام کیا جائے گا جس سے نہ صرف مخصوص افراد کی اجارہ داری ختم ہوگی بلکہ نیلامی کے باعث کے ایم سی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا اور بہتر اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے ، چورنگیوں کی دلکشی اور خوبصورتی میں اضافے کے لئے ڈیزائن و ماڈل بنا کر کے ایم سی سے منظور کرانا ہوگا، بزنس کمیونٹی شہر کے پارکس، لائبریریاں، گرین بیلٹس اور چورنگیوں کو بہتر بنانے کے لئے آگے آئے ، شہر کو خوشنما اور سرسبز بنانے کے لئے ان کا تعاون مفید ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پاک بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے چیئرمین ذیشان الطاف لوہیا کی جانب سے دیے جانے والے عشایے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ایچ ایم آر گروپ کے سربراہ حاجی رفیق پردیسی، کرؤان گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین فرحان حنیف، چیف کمشنر کو آپریٹ ڈاکٹر آفتاب امام، ایم پاک بزنس ڈیولپمنٹ فورم سے سید ناصر وجاہت اور دیگرنے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی کی چورنگیوں کو شہر کی تہذیب و ثقافت سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ان کی بیوٹیفکیشن ضروری ہے لہٰذا انہیں اسپانسر کرنے والے اداروں کو اسی پلان کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کار اور تاجر برادری شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنے حصے کا کردار ادا کرے تو بہت کم وقت میں شہر کو خوبصورت اور دلکش بنایا جاسکتا ہے ۔ خاص طور پر صنعتی علاقوں میں بنیادی انفرااسٹرکچر بہتر بنانے میں یہ تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا جس سے نہ صرف صنعتی علاقے بہتر اور خوبصورت ہوں گے بلکہ وہاں سہولیات میں بھی اضافہ ہوگا اور صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کو بھی اس سے فروغ ملے گا اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ شہر میں علمی و ثقافتی اقدار کے تحفظ اور پذیرائی سے صحت مند معاشرہ تشکیل پائے گا اور باہمی یکجہتی و رواداری عام ہوگی۔ اسٹریٹ لائبریریز کے قیام کا مقصد بھی یہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ شہر کی بہتری کے لئے ہر کاوش کا خیرمقدم کیا جائے گا اور اس حوالے سے ہرممکن بہتر حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں