وطن نیوز انٹر نیشنل

علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی کی ضرورت :وزیراعظم

ہم انکے فلسفہ خودی پر عمل کرکے ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچ سکتے :صدرعلوی شاعر مشرق کا آج143واں یوم ولادت ،سیالکوٹ میں مقامی تعطیل..
اسلام آباد،لاہور،سیالکوٹ(سیا سی رپورٹر ،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)شاعر مشرق ،حکیم الامت ،مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا143واں یوم ولادت (آج)9 نومبربروز سوموار کو نہایت ہی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا ۔ وہ 9نومبر1877 ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ،اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات ہونگی، ضلع سیالکوٹ میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور سیشن و سول عدالتیں آج بند رہیں گی،لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ کو مراسلہ جاری کردیا گیا تاہم تعلیمی بورڈز کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے ۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک اور قوم کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ، تاکہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست میں تبدیل کیا جاسکے ۔ یہ ہماری نفرادی اور قومی ذمہ داری ہے کہ علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئی قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ فرقہ واریت اور انتہا پسندی جیسے مسائل پر قابو پانے کے لئے اقبال کا وژن اب بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ صدرڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم ان کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،وہ برصغیر کے مسلمانوں کے بڑے محسن تھے جنہوں نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا اور بعد ازاں انکا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر عمل کرکے ہم ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن ہمیں امت مسلمہ کے اتحاد ، ترقی اور ملک میں خوشحالی کا درس دیتا ہے ، پاکستان کو خوشحال قوم بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اسلام کے بارے میں ڈاکٹر علامہ محمدا قبال کی پیروی کریں ۔اپنے بیان کا اختتام صدر مملکت نے علامہ محمد اقبال کے اس شعر پر کیا۔ ایک ہو ں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر.

اپنا تبصرہ بھیجیں