وطن نیوز انٹر نیشنل

پی ایس ایل:غیر ملکی ستارے کراچی میں جگمگانے لگے

کراچی پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کیلئے غیر ملکی ستارے کراچی میں جگمگانے لگے ۔ٹورنامنٹ کیلئے نیشنل اسٹیڈیم پر انتظامات حتمی مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے گراؤنڈ کاکنٹرول سنبھال لیا ہے ۔ اسٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے ۔ گزشتہ روزلاہور قلندر کے بین ڈنک نے بھی کراچی میں پڑاؤ ڈال دیا ہے تاہم انہیں 48 گھنٹوں تک قرنطینہ اور کوویڈ ٹیسٹنگ کے بعد ٹریننگ سیشن میں شرکت کی اجازت ہوگی۔ انگلش بیٹسمین الیکس ہیلز ، چیڈویک والٹن اور کیمرون ڈیل پورٹ کا قائد اعظم انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کراچی کنگز کے آفیشلز نے استقبال کیا جبکہ فاسٹ بالر محمد عامر اور اسپنر عمر خان نے بھی اپنی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے ۔پشاور زلمی کے اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک کی میچوں میں حوصلہ افزائی کیلئے ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی شہر قائد پہنچ چکی ہیں۔ بورڈ کے مطابق تمام غیر ملکی کھلاڑی ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل پاکستان پہنچ جائیں گے ۔ ٹیموں کی ٹریننگ کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کے مین گراؤنڈ سمیت نیٹ ایریا میں وکٹیں تیار کرنے کا کام تقریباً مکمل ہوگیا ہے اور کھلاڑی باقاعدہ طور پر آج سے پریکٹس کر سکیں گے ۔دوسری جانب کورونا وائرس کے پیش نظر خالی میدان میں میچز ہونے کے باوجود انکلوژرز کو جاذب نظر بنانے کیلئے بڑے سائز کے پینافلیکس نصب کئے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں