وطن نیوز انٹر نیشنل

سیکیورٹی وجوہات پر روڈ بند, بدترین ٹریفک جام

کراچی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹریفک پولیس کی جانب سے حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم جانے والے روڈ کو بند کردیا گیا جس کے نتیجے میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ،کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی طویل قطاریں بندھی رہیں جس کے باعث ہزاروں گاڑیوں میں سوار افراد کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔ لیاقت آباد سے حسن اسکوائر آنے والی ٹریفک کو یونیورسٹی روڈ پر منتقل کیا گیا جبکہ نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر آنے والی ٹریفک کو بھی نیشنل اسٹیڈیم کی طرف جانے سے روک دیا گیا اور ٹریفک کو نیو ٹاؤن کی طرف بھیجا گیا جس کے باعث ان شاہراہوں پر ٹریفک کا بدترین دباؤ آگیا اور وہاں سے گزرنے والی ہزاروں گاڑیوں میں سوار افراد کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ۔ بیشتر مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ہونے کے باوجود پیک آورز میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کی روانی کو مکمل بحال نہیں رکھا جاسکا ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ایونٹ ہوتا ہے تو اسکے متبادل کے لیے انتظامات نہیں کیے جاتے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید علی مہر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں میچز کے دوران ٹریفک کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔کورونا وائرس کی وبا کے باعث مارچ میں پاکستان سپر لیگ 5 کے آخری چار میچز ملتوی کردیے گئے تھے ، جن کا انعقاد اب 14، 15 اور 17 نومبر کو کراچی میں کیا جارہا ہے ۔گلشن اقبال کے اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ٹریفک پولیس کے ایس پیز، ڈی ایس پیز اور سیکشن افسران نے شرکت کی۔ جس میں ڈی آئی جی پی ٹریفک نے تمام افسران کو ہدایات دیں کہ ٹریفک کی روانی کیلئے ہر ممکن بہترین انتظامات کئے جائیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میچوں کے دوران کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا غفلت نہ برتی جائے جبکہ اسٹاف ریفلیکٹر جیکٹ، لائٹ اور وسل(سیٹی) استعمال کریں اور پی ایس ایل میچز کے دوران روٹ کی نگرانی کرنے کیلئے انٹر سیکشن پر تعینات اسٹاف گاڑیوں کو اسٹاپ لائن سے پہلے روکا جائے ۔کراچی میں سپر لیگ کے میچوں اور ٹیم پریکٹس کے دوران حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والا روڈ سیکیورٹی اقدامات کے باعث ٹریفک کیلئے بند رہے گا جبکہ شہری متبادل کے طور پر جیل چورنگی روڈ استعمال کرسکیں گے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منگل کو حسن اسکوائر پل سے ٹریفک نیو ٹاؤن کی جانب موڑا گیا۔ اس کے علاوہ نیپا اور لیاقت آباد کا ٹریفک بھی نیو ٹائون کی جانب موڑ دیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں