وطن نیوز انٹر نیشنل

راوی کنارے نئے شہر کیلئے اراضی کی نشاندہی،متاثرین کا احتجاج

لاہور راوی کنارے نیا شہر آباد کرنے کے لیے وفاق اور پنجاب حکومت متحرک ہوگئی ، وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ اور چیئرمین راوی اتھارٹی کو جلد از جلد اراضی ایکوائر کرنے کا ٹاسک سونپ دیا،پنجاب حکومت نے منصوبے کے فیز ون میں ترقیاتی کام کیلئے اراضی ایکوائر کرنے کی منظوری دیدی جس کیلئے موضع جات کی نشاندہی کر دی گئی، 16 ہزار ایکڑ اراضی فیروز والا، شیخوپورہ، نتھ کلاں،راوی پل سے رنگ روڈ محمود بوٹی ،شالیمار کے موضع جات سے حاصل کی جائے گی۔ پنجاب حکومت 2 ماہ میں اراضی ایکوائر کرنے کا عمل مکمل کریگی جس کیلئے محکمہ مال سیکشن فور کا نفاذ کرچکاہے جبکہ ایک ماہ میں سیکشن فائیو نافذ کرکے اراضی حکومت کی ملکیت ہوگی۔ اراضی مالکان کو ڈی سی ریٹ کے مطابق پیسے ادا کئے جائیں گے جس کیلئے راوی اتھارٹی نے فائل سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ارسال کر دی،تاہم متاثرین نے ڈی سی ریٹ پر اعتراضات اٹھا دئیے ۔انہوں نے رنگ روڈ محمود بوٹی انٹر چینج پر احتجاج کیا،کرول، سگیاں وساوا،جنجوا اراضی،گنجا پنڈ، بھماں جھگیاں کے رہائشی اورمحمود بوٹی کے صنعت کار احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے ۔مظاہرین کا کہنا تھا ،ہماری زمینوں کا جائز معاوضہ ادا نہیں کیا جا رہا،کمرشل زمینوں کو زرعی اور رہائشی علاقوں کے تحت لیا جا رہا ہے ،5 تحصیلوں کے 300 گاؤں متاثر ہو رہے ہیں۔مظاہرین نے اپنے چلتے کاروبار کوڑیوں کے بھاؤ فروخت نہ کرنیکا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں