وطن نیوز انٹر نیشنل

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی بھی بابراعظم کے سپرد

لاہور،کراچی بابراعظم کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے ۔ بابراعظم اب تینوں فارمیٹ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بن گئے ہیں۔ گزشتہ روز پی سی بی نے بابر اعظم کو کپتان بنانے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا۔ بطور ٹیسٹ کپتان بابراعظم کی پہلی اسائنمنٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریزمیں پاکستان کی قیادت کرنا ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تقرری کی منظوری گزشتہ شام اظہر علی سے ملاقات کرنے کے بعد دی۔ ملاقات میں احسان مانی نے بطور کپتان خدمات پر اظہر علی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اظہر علی کے پاس کرکٹ کا علم بھی ہے اوروہ سپیشلسٹ ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں، اظہر علی میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اورانہیں یقین ہے کہ ان کے تجربے سے ابھی پاکستان بہت فائدہ اٹھاسکتا ہے ۔ بابراعظم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کپتان بننے پر وہ بہت فخراور خوشی محسوس کر رہے ہیں کیونکہ اب ان کا شمار ان چند کھلاڑیوں میں ہوگیا ہے کہ جنہوں نے کھیل کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کی ہے ۔بابر اعظم نے کہا کہ وہ یہ اضافی ذمہ داری اٹھانے کیلئے تیار ہیں اور اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ بھی ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں